فیصل آبادچیمبرنے آرٹیفیشل انٹیلیجنس استعمال کرکے فیصل آبادٹیکسٹائل سٹی سے سائبرآباد بنانےکےمنصوبے کوباضابطہ طور پررول آؤٹ کر دیا ہے،ترک سفیر

image

فیصل آباد۔ 08 جون (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو استعمال کرتے ہوئے فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سٹی سے سائبر آباد بنانے کے منصوبے کو باضابطہ طور پررول آؤٹ کر دیا ہے۔ پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے بہا خداد اد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں جو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھا کے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ عالم اسلام کو انتہائی مختصرمدت میں ترقی کی نئی راہوں پر ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی وجہ سے دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، ہم نے مختصر عرصہ میں ڈرونز، بغیر پائلٹ کے ہیلی کاپٹر، جنگی جہاز اور گاڑیاں دیکھ لی ہیں،ہمیں ٹیکنالوجی کی دوڑ میں ترقی یافتہ ملکوں کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر مصنوعی ذہانت کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے سائبر آباد کے منصوبے کو شروع کرنے پر فیصل آباد چیمبر اور خاص طور پر اِس کے صدر ڈاکٹر خرم طارق کا شکریہ ادا کیا۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ چھ سو سال قبل مسلمان اپنی علمی برتری کی وجہ سے دنیا پر حکمران تھے جبکہ یورپ اس وقت اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چھاپہ خانوں کی اُس وقت کی جدید ایجاد کو اپنانے سے انکار کر کے اندھیروں میں چلے گئے جبکہ یورپ نے اِسے اپنا کر اپنے لئے ترقی کی نئی راہوں کو کھو ل لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے انٹر نیٹ کے مواقعوں کو بھی کھو دیا لیکن اب ہمیں ترقی کی دوڑ میں دوسرے ملکوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت کے مواقعوں کو ہرگز ہرگز ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمیں متحد ہونے اور احیائے اسلام کیلئے عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے فیصل آباد کی جامعات کے وائس چانسلرز سے اپنی ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ وہ صرف چند ڈالر کمانے والے فری لانسر پیدا کر رہے ہیں جبکہ ہمیں یہاں ایسا ماحول مہیا کرنا ہوگا جس میں مصنوعی ذہانت کی جامع ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اُن کی کوششوں سے یہاں نیشنل انکوبیشن سنٹر قائم ہوا لیکن یہ مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کم از کم ایک لاکھ مصنوعی ذہانت کے ماہر تیار کرنے ہوں گے تاکہ ہم انتہائی کم لاگت سے سافٹ وئیر پروگرام تیار کر کے اور اِن کو برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ کما سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگ ٹیکنالوجی میں ماہر ہوتے ہیں مگر اِن کے پاس سرمایہ نہیں جبکہ سرمایہ رکھنے والے مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانے کے قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے کورسز بھی ہر روز تبدیل ہو رہے ہیں جنہیں وقت کے ساتھ ساتھ اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر مصنوعی ذہانت کی کمرشلائزیشن کیلئے ہنر مند نوجوانوں اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی وجہ سے ہر سال 3.3ٹریلین زوم میٹنگز ہو رہی ہیں۔ اس طرح اگرچہ چھوٹے روزگار ختم ہو جائیں گے مگر تخلیقی شعبہ میں بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے مستقبل کی جدید دنیا کے بارے میں ایک تصوراتی ڈاکومنٹری بھی پیش کی۔ اس سے قبل پینا کلوڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سائبر آباد منصوبے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ضیاء خاں نے بتایا کہ ہم ترقی کی دوڑ میں دنیا سے سوسال پیچھے ہیں جبکہ ترکیہ اُن کے ہم پلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ایک لاکھ مصنوعی ذہانت کے ماہر پیدا کرنا چاہتے ہیں جبکہ اس کے بعد ترکیہ میں بھی اتنے ہی ماہر تیار کئے جا سکتے ہیں۔ سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ پاکستان کے 65فیصد نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں تاہم اس مقصد کیلئے ہمیں اِن کو آئی ٹی اور اے آئی کی جدید مہارتوں سے روشناس کرانا ہوگا۔

تقریب سے سائبر آباد منصوبہ کے روح رواں محمد اظہر چوہدری، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، عقیل فیروز اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ آخر میں صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ترکیہ کے سفیر عزت مآب ڈاکٹر مہمت پاچاجی کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.