اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹونٹی سپر لیگ میں سندھ اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ پہلے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 64 رنز سے شکست دی، سندھ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ سانول شہزاد نے 83 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے جبکہ محمد اعجاز نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ بلوچستان کی طرف سے کامران اختر نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی۔
فاتح ٹیم کی طرف سے محمد سلمان نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ادریس سلیم کے حصہ میں 2 وکٹیں آئیں۔ دوسرے میچ میں کے پی کے، نے پنجاب کو 51 رنز سے شکست دی۔ کے پی کے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔بدر منیر نے 63 گیندوں پر 154 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے جس میں انہوں نے 24 چوکے اور 4 چھکے لگائے، ان کا سٹرائیک ریٹ 244.44 رہا۔ محمد راشد نے بھی 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ جواب میں پنجاب کی ٹیم 230 رنز بنا سکی۔ بدر منیر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔