فلوریڈا۔12جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری نویں مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں گروپ ڈی کی ٹیموں سری لنکا اور نیپال کے درمیان 23واں میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
بدھ کو سری لنکا اور نیپال کے درمیان گروپ ڈی کا میچ سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ، لاؤڈر ہل، فلوریڈامیں شیڈول تھا جس کاٹاس بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا،تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے بغیر ٹاس ہوئے ہی میچ کو ختم کر دیا گیا۔نیپال نے آج بدھ کو میگا ایونٹ کا اپنا دوسرا جبکہ سری لنکا نے تیسرا میچ کھیلنا تھا۔سری لنکا کو اپنے دونوں میچز میں شکست ہوئی جبکہ نیپال بھی اپنا پہلا میچ ہار چکا ہے۔ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔