گوشت خوری سے تیزابیت، جوڑوں میں درد اور دیگر طبی مسائل سے کیسے بچا جائے؟

اگر آپ کو لگتا ہے کہ ریڈ میٹ کے استعمال سے آپ کو نیند آنے لگتی ہے تو اس کی وجہ اس میں موجود چکنائی اور پروٹین کی وافر مقدار ہے۔
نہاری
Getty Images

پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الاضحی منائی جا رہی ہے اور اس دوران گوشت کا استعمال عام دنوں کے مقابلے کئی گنا بڑھ گیا ہے۔

گھروں کے دستر خوانوں میں کلیجی، نہاری، حلیم اور قورمہ سمیت دیگر ڈشز سجنے کے بعد ابتدائی طور پر بعض لوگوں کو احتیاط نہ برتنے پر تیزابیت، ہارٹ برن، قبض اور فوڈ پوائزننگ جیسی شکایات رہتی ہیں۔

مگر ڈاکٹروں نے کولیسٹرول، بلڈ پریشر اور یوریک ایسڈ جیسے طبی مسائل کا شکار افرادکو پہلے سے ہی ریڈ میٹ کے استعمال میں اعتدال کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق نہ تو سبھی لوگوں کو گوشت کی ایک جتنی مقدار کھانے کا مشورہ دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ریڈ میٹ کے بعض فوائد کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔

مگر کیا گوشت کا اچانک زیادہ استعمال ہماری روزمرہ زندگی میں نیند اور جوڑوں میں درد جیسے مسائل پیدا کر سکتا ہے؟

بار بی کیو
Getty Images
ماہرین کا مشورہ ہے کہ آپ اپنی باربی کیو پارٹی سے قبل کچھ سلاد اور دہی بھی کھا لیں

کیا ریڈ میٹ کھانے سے زیادہ نیند آتی ہے؟

ہیلتھ رائٹر ہالی میک ہیو نے بی بی سی سائنس فوکس کے لیے لکھا ہے کہ ریڈ میٹ اور نیند کا آپسی تعلق ایک متنازع معاملہ ہے۔ کچھ لوگوں کو یہ شکایت رہتی ہے کہ ان کی نیند متاثر ہوتی ہے تو بعض کی رائے ہے کہ اس کی بدولت وہ اچھی طرح سو پاتے ہیں۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ ریڈ میٹ کے استعمال سے آپ کو نیند آنے لگتی ہے تو اس کی وجہ اس میں فیٹ ( چکنائی) اور پروٹین کی وافر مقدار ہے۔ انھیں ہضم کرنے کے لیے آپ کے جسم کو بہت زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے جس سے آپ تھکاوٹ یا سستی محسوس کرتے ہیں۔

مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ سونے سے پہلے ریڈ میٹ کھائیں کیونکہ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ دیر رات کو یہ کھانے سے آپ کی نیند متاثر ہو سکتی ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ہاضمے کا نظام اس وقت اتنا فعال نہیں رہتا جب آپ آرام کرنے کی حالت میں ہوں اور یہ آپ کے قدرتی باڈی کلاک پر اثر انداز ہوتا ہے۔ سلیپ ایپنیا اور ایسڈ ریفلکس بھی نیند کو متاثر کر سکتے ہیں۔

ریڈ میٹ میں امینو ایسڈز ٹرائیپٹوفن اور ٹائیروسین شامل ہے جس سے جسم میں سروٹنن، ڈوپامین اور میلوٹونن جیسے کیمیکل بنتے ہیں۔ یہ تمام کیمیکل باڈی کلاک اور نیند کو کنٹرول کرتے ہیں۔

ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گوشت کھانے سے نیند کے دورانیے اور معیار میں کمی آتی ہے اور یہ حالت بگڑ سکتی ہے اگر مزید گوشت کھایا جائے۔

سائنسدانوں کا خیال ہے کہ ریڈ میٹ میں دوسرے امینو ایسڈ بھی ہوتے ہیں جو دماغ میں جذب ہونے کے لیے ایک دوسرے سے مد مقابل ہوتے ہیں۔ یعنی ٹرائیپٹوفن اور ٹائیروسین کی کم دستیابی کی وجہ سے نیند کا باعث بننے والے کیمیکل نہیں بن پاتے اور اسی لیے جسم ایسا ردعمل نہیں دیتا کہ جلدی نیند آ جائے۔

مگر بات یہ ہے کہ ریڈ میٹ کے نیند پر اثرات ہر شخص میں مختلف ہو سکتے ہیں۔

یہ اس پر منحصر ہے کہ ایک کھانے میں کون سے مخصوص امینو ایسڈ شامل ہیں، ایک شخص کی نیند کی روٹین اور ہاضمے کی صلاحیت کیسی ہے اور اس کا جسم مختلف غذائی اجزا کی صورت میں کیا ردعمل دیتا ہے۔

گوشت
Getty Images

کن مریضوں کو عید پر گوشت کھاتے وقت احتیاط برتنی چاہیے؟

آرتھوپیڈک سرجن اور ڈاکٹرعابد اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ عام طور پر ریڈ میٹ کے زیادہ استعمال سے پرہیز کا مشورہ ان مریضوں کو دیا جاتا ہے جو یوریک ایسڈ، رینل (گردے)، جگر اور دل کے امراض میں مبتلا ہیں، یا ان کی ذیابیطس کنٹرولڈ نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہر مریض کے لحاظ سے ان کے لیے گوشت کی مقدار متعین کی جاتی ہے اور آپ سبھی کو ایک جتنا گوشت کھانے یا نہ کھانے کا نہیں کہہ سکتے۔ ’یہ مریض کی حالت پر منحصر ہے۔ سبھی کو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آپ گوشت کھانے سے گریز کریں۔ اگر آپ صحت مند نہیں اور امراض میں مبتلا ہیں تو احتیاط کریں۔‘

ان کے مطابق مریض کی حالت کا جائزہ لینے اور بہت سے عوامل کو مدنظر رکھ کر ہی ڈاکٹر انھیں گوشت کے استعمال کے حوالے سے مشورہ دیتے ہیں، یعنی کون سا مریض کتنا گوشت کھا سکتا ہے۔

وہ بتاتے ہیں کہ عام طور پر گوشت کے زیادہ استعمال سے یوریک ایسڈ بڑھ جاتا ہے، رینل (گردوںکے) مسائل ہوسکتے ہیں یا کولیسٹرول بڑھ سکتا ہے۔ اگر یوریک ایسڈ بہت زیادہ بڑھ جائے تو اس سے جوڑوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ اس سے گردے کی پتھری کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔

ان کا مشورہ ہے کہ اگر کسی مریض کو تیزابیت کی شکایت ہے تو وہ گوشت کھانے سے گریز کرے۔ مثلاً میجر تھیلسیمیا سمیت ایسے کئی امراض ہوتے ہیں جن میں مریضوں کو گوشت کھانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

گنٹھیا
Getty Images

زیادہ گوشت کھانے سے یوریک ایسڈ میں اضافہ اور جوڑوں کا درد

گنٹھیا یا گاؤٹ کا تعلق خون میں یوریک ایسڈ کی مقدار بڑھنے سے ہے اور اس مرض کی علامات میں جوڑوں میں درد اور سوجن شامل ہے۔

عام طور پر ہمارے گردے جسم میں اس کی سطح کی نگرانی کرتے ہیں تاہم اگر گردے جلد ایسا نہ کر سکیں یا جسم میں یوریک ایسڈ کی سطح بہت زیادہ بڑھ جائے تو جوڑوں کے گرد یوریک ایسڈ کے کرسٹل بن جاتے ہیں اور مریض ان کی سوجن سے شدید درد میں مبتلا ہونے لگتے ہیں۔

کچھ لوگوں میں گنٹھیا کا تعلق جینیٹکس سے ہوتا ہے یا اگر آپ پہلے سے گردوں کے امراض میں مبتلا ہیں۔ اسے زیادہ وزن اور غذائی عادات سے بھی جوڑا جاتا ہے۔

مثلاً جانوروں کے اعضا کے گوشت، میں پیورین کی زیادہ مقدار ہوتی ہے، یہ وہ غذائی اجزا ہے جو جسم میں یوریک ایسڈ پیدا کرتا ہے۔ اس لیے عموماً ڈاکٹر اپنے مریضوں کو جسم میں یوریک ایسڈ کی مقدار کم رکھنے کے لیے گوشت سے گریز کا مشورہ دیتے ہیں۔

پھل، سبزی
Getty Images

گوشت خوری سے تیزابیت، سینے کی جلن اور دیگر مسائل سے کیسے نمٹا جائے؟

کلثوم ہسپتال کے ڈاکٹر تنصیر اصغر کے مطابق اگر گوشت متوازن طریقے سے نہ کھایا جائے تو عام طور پر لوگوں کو ہارٹ برن یعنی سینے میں جلن اور تیزابیت کی شکایت ہوتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ریڈ میٹ میں پروٹین اور کولیسٹرول کی بہتات ہوتی ہے اور معدے کے لیے اسے ہضم کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ اسے اعتدال سے نہ کھایا جائے تو تیزابیت یعنی ایسڈ ریفلکس ہوسکتا ہے۔ لہذا سادہ پانی، دودھ اور دہی کے استعمال سے معدے کو پی ایچ لیول کو کم کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ زیادہ مرچوں والے کھانوں سے تیزابیت بڑھتی ہے اور اسے نیوٹرلائز کرنے کے لیے دودھ اور دہی اچھے آپشن ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ گوشت سے تیار کردہ کھانوں میں نمک اور مسالے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ اس لیے جسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیے۔ اس سے بلڈ پریشر بڑھنے کے امکان کو بھی روکا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر تنصیر اصغر بتاتے ہیں کہ ریڈ میٹ چونکہ جسم میں یوریک ایسڈ کی مقدار کو بھی بڑھاتا ہے تو ضروری ہے کہ اگر کسی کو ابتدائی علامات جیسے پاؤں کے انگوٹھے میں درد محسوس ہو تو وہ فوری ضرور کسی ڈاکٹر سے رجوع کرے۔

نیوٹریشنسٹ زینب غیور کا مشورہ ہے کہ عید کے دنوں میں کھانے کے ساتھ سلاد اور رائتہ تیزابیت کی شکایت دور کر سکتا ہے۔

’کوشش کریں کہ اپنی باربی کیو پارٹی یا دعوت کے شروع میں سلاد اور دہی کھانے کے بعد گوشت کا رُخ کریں۔‘

انھوں نے کہا کہ پروٹین سے بھرپور گوشت کے ساتھ ساتھ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال ضروری ہے تاکہ معدے کا پی ایچ لیول برقرار رہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.