حارث رؤف سے مبینہ بدتمیزی کی ویڈیو وائرل، وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا فین سے معافی مانگنے کا مطالبہ

سوشل میڈیا پر آنے والی اس ویڈیو میں بظاہر فین کی جانب سے کچھ ایسا کہا گیا جس پر حارث رؤف مشتعل ہوگئے اور ان کی جانب بڑھے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد حارث رؤف نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’جب بات میری فیملی پر آئے گی تو میں جواب دینے سے نہیں کتراؤں گا۔‘

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی جس پر شائقین مایوس ہیں مگر اب امریکہ میں موجود کھلاڑی حارث رؤف کے ساتھ فین کی جانب سے مبینہ بدتمیزی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے۔

اس ویڈیو میں بظاہر فین کی جانب سے کچھ ایسا کہا گیا جس پر حارث رؤف مشتعل ہوگئے اور ان کی جانب لپکے لیکن کچھ لوگوں نے بیچ بچاؤ کروا دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد حارث رؤف نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’جب بات میری فیملی پر آئے گی تو میں جواب دینے سے نہیں کتراؤں گا۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی نے حارث رؤف کے ساتھ اس مبینہ بدتمیزی کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر اس واقعے میں ملوث شخص کی جانب سے معافی نہ مانگی گئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر بعض کرکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ پرفارمنس پر تنقید اپنی جگہ مگر گراؤنڈ سے باہر کھلاڑیوں سے احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ جبکہ بعض لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ آن لائن اور ٹی وی چینلوں پر ذاتیات پر مبنی تنقید سے شائقین اور کرکٹرز کے درمیان دوریاں بڑھنے لگی ہیں۔

ویڈیو میں حارث رؤف شدید غصے میں

اس ویڈیو میں یہ واضح نہیں کہ فینز نے ایسا کیا کہا جس پر حارث رؤف نے ان کی جانب جھپٹ پڑے۔ ویڈیو کے آغاز میں حارث رؤف اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک راہگزر پر کھڑے ہیں اور شائقین سے بات کر رہے ہیں۔

پھر اچانک وہ اس فین کی جانب تیزی سے بڑھتے ہیں اور اس دوران ان کے جوتے بھی اُتر جاتے ہیں۔ اس سب کے بیچ اُن کی اہلیہ انھیں روکنے کی کوشش کرتی ہیں۔

وہ پودوں کے اوپر سے کود کر اس جگہ پہنچ جاتے ہیں جہاں مذکورہ فین موجود ہے۔ تاہم ایک اور شخص انھیں روکنے کی کوشش کرنے لگتا ہے۔

ایک موقعے پر حارث رؤف کو فین کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ’ایک تصویر مانگی ہے، فینز ہیں آپ کے۔‘

حارث رؤف چیختے ہوئے ان سے پوچھتے ہیں کہ ’گالی باپ کو دے رہا ہے؟‘

فین انھیں ایک موقعے پر یہ بھی کہتا ہے کہ وہ پاکستان سے ہیں۔ حارث رؤف غصے میں ان سے پوچھتے ہیں کہ ’تیرے باپ نے تیری یہ تربیت کی ہے؟ یہاں پر آ کر یہ حرکت کرتا ہے؟‘

آخر میں حارث رؤف کی اہلیہ انھیں روکتے ہوئے وہاں سے لے جاتی ہیں۔

حارث رؤف سے معافی نہ مانگی گئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی: محسن نقوی

ایکس پر ایک بیان میں حارث رؤف نے کہا کہ وہ اس معاملے کو سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہتے تھے تاہم ’اب جبکہ ویڈیو منظر عام پر آ چکی ہے، میرے لیے اب صورتحال کو واضح کرنا ضروری ہے۔‘

فاسٹ بولر نے کہا کہ ’معروف شخصیات کے طور پر ہمیں عوام کی جانب سے ہر طرح کا ردعمل برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انھیں حق ہے کہ وہ ہماری حمایت کریں یا ہم پر تنقید کریں۔‘

’تاہم جب بات میرے والدین یا میری فیملی کی آتی ہے تو میں جواب دینے میں نہیں کتراؤں گا۔‘

حارث رؤف نے کہا ہے کہ ’لوگوں اور ان کے خاندانوں کا احترام ضروری ہے، اس بات سے قطع نظر کہ ان کا تعلق کس پیشے سے ہے۔‘

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے حارث رؤف کے ساتھ ہونے والے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا رویہ ناقابل قبول ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو فوراً حارث رؤف سے معافی مانگنی ہوگی ورنہ ان لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔‘

’کھلاڑیوں کی فیملیز کا احترام کریں‘

سوشل میڈیا پر کرکٹرز اور دیگر صارفین کی جانب سے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا گیا ہے۔

ساتھی کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ کارکردگی پر تنقید کرنا فینز کا حق ہے۔ ’ہم اسے تسلیم کرتے ہیں اور سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ (تاہم) کسی پر ان کی فیملی کی موجودگی میں ذاتی حملے قابل قبول نہیں۔ آپ کو کیسا لگے گا اگر فیملی کی موجودگی میں کوئی آپ پر حملہ آور ہو؟‘

پاکستانی بولر حسن علی نے انسٹاگرام پر لکھا کہ تنقید تعمیری بھی ہوسکتی ہے، ضروری نہیں کہ اس سے کسی شخص کو ٹھیس پہنچائی جائے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ کھلاڑیوں کے خاندانوں کے ساتھ فینز کو احترام سے پیش آنا چاہیے۔

کرکٹر محمد نواز نے کہا کہ ’آپ فیملی کے ساتھ جا رہے ہیں اور کوئی آپ کو ماں بہن کی گالی دیتا رہے، کیوں کہ آپ تو پبلک پراپرٹی ہیں۔ ناقابل قبول۔۔۔ تنقید کے لیے بدسلوکی اور گالی ضروری نہیں۔‘

صارف فرید خان نے حارث رؤف کے ساتھ فین کے اس روّیے کو پریشان کن قرار دیا جبکہ شعیب جٹ کا کہنا تھا کہ حارث رؤف کو گالی دی گئی جس سے انھیں غصہ آیا۔

ادھر حسن نامی صارف نے کہا کہ سابق کھلاڑی اور صحافی میڈیا پر ذاتی نوعیت کی تنقید کرتے ہیں مگر اب انھیں حارث رؤف کے ساتھ فین کے اس رویے پر حیرانی ہو رہی ہوگی۔ ’آپ ہی (فینز کو) ایسے رویہ پر مجبور کرتے ہیں۔‘


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.