ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی فتح اور ’سات ماہ بعد بہترین انتقام‘

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے اور گذشتہ سال انڈیا میں ورلڈ کپ کے دوران سنسنی خیز مقابلے میں شکست کا ’بہترین انتقام‘ لیا ہے۔
گلبدین نائب گلین میکسویل
Getty Images
افغانستان کے گلبدین نائب نے 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے اور گذشتہ سال انڈیا میں ورلڈ کپ کے دوران سنسنی خیز مقابلے میں شکست کا ’بہترین انتقام‘ لیا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ افغانستان نے عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا کو کسی بھی فارمیٹ میں شکست دی ہے۔

گلبدین ںائب نے 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کر کے افغانستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اپنی شاندار پرفارمانس کے لیے وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے قابلِ ذکر کھلاڑی گلین میکسویل رہے، انھوں نے 59 رنز بنائے مگر ان کے آؤٹ ہونے کے بعد افغانستان کے کھلاڑیوں کو اپنی جیت کا یقین ہوچکا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال ورلڈ کپ کے میچ میں میکسویل نے ڈبل سنچری بنا کر افغانستان کے خلاف اپنی ٹیم کو میچ جتوایا تھا۔

’بالآخر ہم نے کر دکھایا‘

افغانستان کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر افغان کرکٹ ٹیم کے مداح بہت پُرجوش نظر آئے۔

وزما ایوبی نامی ایک صارف نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم نے کر دکھایا۔‘

https://twitter.com/WazhmaAyoubi/status/1804726303326904378

ایک اور صارف سعدیہ کا کہنا تھا کہ بالآخر سات ماہ کے انتظار کے بعد افغانستان نے ’بہترین بدلہ لے لیا ہے۔‘

https://twitter.com/sadiak08/status/1804731662149775499

ان صارفین کا اشارہ نومبر 2023 میں آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان ممبئی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کے میچ کی طرف تھا۔ اُس میچ میں گلین میکسویل نے 201 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر افغان ٹیم کو ایک یقینی جیت سے محروم کر دیا تھا۔

صادق اللہ صادق نامی صارف نے آج کے دن کو ’افغان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین دنوں میں سے ایک‘ قرار دیا۔

https://twitter.com/Sadiqul85667283/status/1804735816184300015

دوسری جانب، سابق انڈین کرکٹر وسیم جعفر کا کہنا تھا کہ اس میچ کو اپ سیٹ کہ کر افغان کرکٹ ٹیم کی تذلیل نہ کریں۔ ان کے مطابق افغان ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کے قابل ہے۔

https://twitter.com/WasimJaffer14/status/1804727050210824285

گلین میکسویل بھی آسٹریلیا کو شکست سے نہ بچا پائے

سنیچر کے روز کنگس ٹاؤن میں کھیلے جانے والے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں جب آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو افغان اوپنرز رحمان اللہ گُرباز اور ابراہیم زردان نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز مہیا کیا۔

افغانساتان کی پہلی وکٹ 16ویں میں 118 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب رحمان اللہ 61 رنز بنا کر مارکس سٹوائنس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد تو جیسے وکٹوں کا تانتا بندھ گیا اور افغانستان نے اگلی تین وکٹیں محض آٹھ رنز کے اضافے کے ساتھ گنوا دیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کرنے والے آسٹریلوی بولر پیٹرک کمنس کا جادو ایک بار پھر پھر سر چڑھ کر بولتا نظر آیا جب انھوں نے ایک بار پھر لگاتار تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کیں۔

وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لگاتار دو میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے جبکہ بین القوامی کرکٹ میں لگاتار دو میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر ہیں۔ ان سے پہلے پاکستان کے وسیم اکرم نے 1999 میں سری لنکا کے خلاف لگاتار دو ٹیسٹ میچوں میں ہیٹ کی تھی۔

کمنس کی بہترین پرفارمنس کے باعث افغانستان آسٹریلیا کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دے پائے۔

پیٹرکس کمنس
Getty Images
پیٹرکس کمنس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لگاتار دو میچوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بولر ہیں

آسٹریلیا کی ٹیم جب بیٹنگ کے لیے آئی تو ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔ پہلے ہی اوور میں نوین الحق نے آستریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ کو کلین بولڈ کر دیا۔

پاور پلے کے اختتام تک آسٹریلا کے دونوں اوپنر سمیت تین بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے اور ایسا لگا جیسے آسٹریلیا کی کشتی پار لگانے کی ذمہ داری ایک بار پھر گلین میکسویل کے کندھوں پر آگئی۔

میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا جب لگنے لگا کہ میکسویل شاید ایک بار پھر افغانستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیں گے جیسے انھوں نے مبئی میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ 2023 کے گروپ میچ میں 201 رنز بنا کر آسٹریلیا کو یقینی ہار سے بچا لیا تھا۔

تاہم افغانستان کو جیت یقینی اس وقت نظر آنے لگی جب 15ویں اوور میں میکسویل گلبدین ںائب کی گیند پر نور احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

گلین میکسویل
Getty Images
گلین میکسویل نے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے

میکسویل نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ کوئی آسٹریلوی بلے باز خاطر خواہ کر کردگی نہیں دکھا سکا اور آسٹریلیا کی ٹیم آخری اوور میں 127 بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین نے 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ انھیں اس پرفامنس کے لے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

گلبدین نائب
Getty Images
گلبدین نائب ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار پائے

آج کے میچ کے بعد گروپ اے میں انڈیا دو میچوں کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرِفہرست ہے، جبکہ آسٹریلیا اور افغانستان دو دو پواِنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔

آسٹریلیا کا اگلا میچ انڈیا کے خلاف 24 جون کو ہے جبکہ افغانستان اپنا آخری گروپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف 25 جون کو کھیلے گا۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.