ٹی20 ورلڈ کپ: سیمی فائنل تک ٹیموں کی رسائی ’اگر مگر‘ کی ڈگر پر

image

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور سُپر ایٹ مرحلے کے صرف کچھ ہی میچز باقی ہیں۔

سُپر ایٹ مرحلے کے دو گروپس میں شامل 8 ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے مدمقابل ہیں اور صرف 4 ٹیمیں ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر پائیں گی۔ 

رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ میں بڑے اپ سیٹس دیکھنے کو ملے، جہاں نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا جیسی ٹیمی ٹورنامنٹ سے باہر ہوئیں وہیں امریکہ اور افغانستان نے سُپر ایٹ میں کوالیفائی کر کے سب کو حیران کیا۔ 

تاہم حال ہی میں افغانستان کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی جیت نے سُپر ایٹ مرحلے کی صورتحال کو ’اگر مگر‘ کی ڈگر پر ڈال دیا ہے۔ 

واضح رہے سُپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون میں انڈیا، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش ہیں جبکہ گروپ ٹو میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ 

سپر ایٹ مرحلہ، گروپ ون کی صورتحال

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو انڈیا سُپر 8 گروپ 1 میں دو میچز جیتنے کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلیا اور افغانستان نے اپنے دو میچوں میں سے ایک، ایک میچ جیتا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے اپنے دونوں میچز ہارے ہیں۔

آسٹریلیا کا سپر ایٹ میں اگلا میچ انڈیا کے خلاف ہے جس میں اگر آسٹریلیا ہارتا ہے تو  ان کے لیے ٹی20 ورلڈ کپ کا سفر تمام ہوسکتا ہے۔ اگر آسٹریلیا کو انڈیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اور افغانستان نے اپنے اگلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دی تو افغان ٹیم انڈیا کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی اور آسٹریلیا ناک آؤٹ ہو جائے گا۔

انڈیا کے لیے آسٹریلیا کے خلاف فتح ان کی سیمی فائنل میں رسائی ممکن بنائے گی لیکن شکست ان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے، خاص طور پر اگر شکست کا مارجن بڑا ہوا۔ انڈیا کا نیٹ رن ریٹ +2.425 کے ساتھ مضبوط ہے۔

افغانستان نے اگر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا ہے تو ان کی بنگلہ دیش کے خلاف جیت ضروری ہے۔ اگر افغانستان بنگلہ دیش کے خلاف کم مارجن سے بھی ہارتا ہے تو ان کی سیمی فائنل میں جانے کی امید برقرار رہ سکتی ہے لیکن اس کے لیے انڈیا کو آسٹریلیا کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا۔

بنگلہ دیش کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کی صورتحال تھوڑی پیچیدہ ہو سکتی ہے کیونکہ انہوں نے سُپر ایٹ میں اب تک ایک بھی میچ نہیں جیتا ہے اور اس وقت ان کا نیٹ رن ریٹ -2.489 ہے۔ بنگلہ دیش کو نہ صرف اگلے میچ میں افغانستان کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا بلکہ امید کرنی ہوگی کہ انڈیا بھی آسٹریلیا کو بڑے مارجن سے ہرائے۔ 

دوسری جانب گروپ 2 میں سیمی فائنل تک رسائی کے لیے دلچسپ صورتحال بن چکی ہے۔ 

ٹورنامنٹ میں تاحال انڈین ٹیم ناقابل شکست رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)سپر ایٹ مرحلہ، گروپ ٹو کی صورتحال

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اس وقت جنوبی افریق چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، دو پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ ویسٹ انڈیز دوسرے، دو پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ تیسرے اور صفر پوائنٹس کے ساتھ امریکہ چوتھے نمبر پر ہے۔ 

جنوبی افریقہ کا اگلا میچ ویسٹ انڈیز کے ساتھ جس میں جیت ان کے لیے سیمی فائنل کی راہ ہموار کرے گی اور ہار ان کے لیے مشکلات میں اضافہ کر سکتی ہے۔ 

ویسٹ انڈیز اگر جنوبی افریقہ کو ہراتا ہے تو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گا اور اگر ویسٹ انڈیز یہ میچ ہارتا ہے تو انہیں پہلے تو اچھا نیٹ رن ریٹ قائم رکھنا ہوگا اور امید کرنا ہوگی کہ امریکہ انگلینڈ کو ہرا دے۔ 

انگلینڈ کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے امریکہ کے خلاف میچ جیتنا پڑے گا۔ انگلینڈ اگر میچ جیت بھی جائے اور دوسری جانب ویسٹ انڈیز جنوبی افریقہ کے خلاف جیتا تو فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ 

پوائنٹس ٹیبل کے آخر میں موجود امریکہ کے لیے سیمی فائنل تک رسائی بہت مشکل نظر آرہی ہے۔ پہلے تو امریکہ کو انگلینڈ کو ہرانا ہوگا اور دوسری جانب یہ امید کرنا ہوگی کہ جنوبی افریقہ بڑے مارجن سے ویسٹ انڈیز کو ہرائے جس سے ان کا نیٹ رن ریٹ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بہتر ہوگا۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.