اداکارہ سوناکشی سنہا کے شوہر ظہیر اقبال کون ہیں اور دونوں کی ملاقات کیسے ہوئی؟

اس شادی پر ٹرولنگ اتنی سخت رہی ہے کہ سوناکشی اور ظہیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر کمنٹس کے سیکشن کو بند کر دیا ہے۔

بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال نے دونوں سے متعلق کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد ممبئی میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کر لی ہے۔

تاہم سوشل میڈیا پر ایک خاص طبقے کی جانب سے انھیں ٹرولنگ کا سامنا ہے۔ یہ ٹرولنگ اتنی سخت اور شدت پسندانہ رہی ہے کہ نئے جوڑے نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شادی کے اعلان کے بعد کمنٹس کے سیکشن کو بند کر دیا ہے۔

’ہیرا منڈی‘ کی مرکزی اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے کورٹ میرج کی ہے اور لکھا ہے کہ ’اب ہم میاں بیوی ہیں۔‘

سوناکشی اور ظہیر نے ممبئی کے باندرہ میں ساحل سمندر پر واقع اپارٹمنٹ میں شادی کی۔ ان کے خاندان نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ نہ تو ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کریں گے اور نہ ہی مسلم رسم و رواج کے مطابق۔

اس لیے انھوں نے کورٹ میرج کی۔

شادی کے بعد ممبئی کے علاقے ورلی میں ’بستیاں‘ نامی ریستوراں میں ایک استقبالیے کا اہتمام کیا گیا جس میں سلمان خان، انیل کپور، کاجول اور ہما قریشی سمیت بہت سے اداکاروں، سیاستدانوں اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔

شادی کا اعلان اور سوناکشی کے والد شتروگھن سنہا کا بیان

اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ’دبنگ‘ فلم کی اداکارہ سوناکشی اور ظہیر نے شادی کے بارے میں لکھا کہ ’ہم نے اپنے دونوں خاندانوں اور خدا کی مہربانی سے شادی کی۔

سات سال قبل اسی دن ہم دونوں نے ایک دوسرے کی آنکھوں میں محبت دیکھی تھی، ہم نے محبت کو اس کی خالص ترین شکل میں دیکھا اور اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

یہ محبت ہمیں چیلنجز کے باوجود کامیابیوں تک لے گئی ہے اور آج ہم اس لمحے تک پہنچ گئے ہیں جہاں ہمارے خاندان اور خدا دونوں کی برکت سے اب ہم میاں بیوی ہیں۔‘

https://www.instagram.com/p/C8j70RTIkhL/?img_index=1

شادی کی تقریب میں سوناکشی سنہا کے والد اور اپنے زمانے کے سٹار شتروگھن سنہا اور ان کی اہلیہ پونم سنہا بھی تھیں۔

شادی کی خبر کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر سوناکشی سنہا اور ان کے والد اور اب ترنمول کانگریس سے رکن پارلیمان شتروگھن سنہا کو ٹرولنگ کا سامنا رہا۔

بہر حال اب جہاں ’شادی مبارک‘ اور سوناکشی اور ظہیر اقبال ٹرینڈ کر رہے ہیں لیکن اس سے پہلے اس رشتے کو ’لو جہاد‘ کے مبینہ حصے کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا گيا۔

جب سوناکشی سنہا کی ایک مسلم اداکار سے شادی کی خبریں گردش کرنے لگیں تو میڈیا والے ان کے والد شتروگھن سنہا کے پاس تصدیق کے لیے پہنچ گئے۔

شتروگھن نے اپنے انداز میں کہا کہ وہ بھی اس متعلق مطلع کیے جانے کے منتظر ہیں اور پھر مزید کہا کہ ’آج کل کے بچے ماں بات کی اجازت نہیں لیتے صرف مطلع کرتے ہیں۔‘

سوناکشی سنہا کی والدہ اور والد
Getty Images
سوناکشی سنہا کی والدہ اور والد

بہر حال انھوں نے ایک دوسرے چینل سے بات کرتے ہوئے ساری افواہوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں شادی میں ضرور شریک ہوں گا۔ میں شرکت کیوں نہیں کروں گا اور کیوں نہیں وہاں ہوں گا؟ اس (سوناکشی) کی خوشی میری خوشی ہے۔ اسے اپنے ساتھی اور اپنی شادی کی دیگر تفصیلات کا انتخاب کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔‘

انھوں نے زوم چینل کو بتایا کہ سوناکشی اور ظہیر ’ایک ساتھ بہت اچھے لگتے ہیں۔‘

بالی وڈ کے بہت سے دیگر فنکار جن میں عالیہ بھٹ اور پرینیتی چوپڑہ بھی شامل ہیں انھوں نے اس نئے جوڑے کو سوشل میڈیا پر شادی کی مبارکباد دی ہے۔

سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال
Getty Images
سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال

ظہیر اقبال کون ہیں اور دونوں کی ملاقات کیسے ہوئی؟

جیسا کہ سوناکشی سنہا نے لکھا ہے کہ وہ دونوں سات برسوں سے محبت کے بندھن میں ہیں۔مقامی چینلز کی خبروں کے مطابق کہا جاتا ہے کہ ان دونوں کی ملاقات اداکار سلمان خان نے ایک تقریب کے دوران کروائی تھی۔

پھر سلمان خان نے ظہیر اقبال کو ’نوٹ بک‘ نامی فلم سے لانچ کیا تھا۔ جبکہ اس سے قبل انھوں نے سوناکشی سنہا کو اپنی فلم ’دبنگ‘ سے لانچ کیا تھا۔

سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے پھر سنہ 2022 میں ایک ساتھ’ڈبل ایکس ایل‘ نامی فلم میں کام کیا لیکن اس دوران لوگوں کو ان کے درمیان پروان چڑھتی محبت کی خبر نہیں تھی۔

لیکن گذشتہ سال دونوں سلمان خان کی بہن ارپتا خان کی عید پارٹی میں جب ایک جوڑے کے طور پر شریک ہوئے تو ان کے رشتے اور قربتوں کی باتیں ہونے لگیں۔

ظہیر اقبال کا تعلق ایک امیر گھرانے سے ہے۔ ان کے والد اقبال رتنسی ایک جوہری اور بزنس مین ہیں۔ ان کی والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ ان کے خاندان کا سلمان خان کے ساتھ گہرا رشتہ ہے جیسا کہ اداکار کے ساتھ ظہیر کی بچپن کی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے۔

ان کا پورا نام ظہیر اقبال رتنسی ہے۔ انھوں نے ممبئی سکاٹش سکول سے گریجویشن کیا جہاں فلم ’اینیمل‘ کے سٹار رنبیر کپور ان کے سینیئر تھے۔

ظہیر نے بالی وڈ میں 2019 میں ’دی نوٹ بک‘ نامی فلم سے کیریئر کا آغاز کیا جس میں کاجول کی بھانجی پرنوتن بہل ان کے ساتھ تھیں۔ سلمان خان کی پروڈیوس کردہ یہ فلم تھائی فلم 'دی ٹیچرز ڈائری' پر مبنی تھی۔

سنہ 2022 میں ظہیر نے سوناکشی سنہا اور ہما قریشی کے ساتھ ایک سوشل کامیڈی فلم 'ڈبل ایکس ایل' میں کام کیا، جس میں دو بڑے سائز کی خواتین کو شہری علاقوں میں درپیش چیلنجوں کی عکاسی کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر ٹرولنگ

سوناکشی سنہا کے والد شتروگھن سنہا ایک زمانے تک بی جے پی کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے لیکن مودی حکومت میں وہ نظر انداز ہوتے رہے۔یہاں تک کہ انھوں نے رواں سال ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر پارلیمانی انتخابات میں شرکت کی اور کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

وہ مودی حکومت کے ناقد بھی رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ ایک حلقے میں اب پسند نہیں کیے جاتے ہیں۔ ان کے گھر کا نام ’رامائن‘ (ہندوؤں کی مقدس کتاب) ہے اور ان کے بھائیوں کا نام رامائن کے اساطیری ناموں رام، لکشمن اور بھرت ہیں اور یہ ان سے بڑے ہیں۔

جبکہ شتروگھن سنہا کے بیٹوں کے نام بھگوان رام کے بیٹوں کے ناموں پر لو اور کش ہیں۔

اس تعلق سے شتروگھن سنہا اور ان کے اہل خانہ ٹرول ہو رہے ہیں اور اب ٹرولنگ دوسری جانب سے بھی جاری ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ’رامائن میں ایک مسلمان کی انٹری۔‘

بہر حال ایسے لوگ بھی ہیں جو ان کی شادی کو ان کا نجی معاملہ کہہ کر انھیں مبارکباد دے رہے ہیں۔

اپاسنا بنرجی نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’پتا نہیں ہندو اور مسلمان کیوں لڑ پڑے ہیں۔ یہ دونوں ہی کسی کی شادی پر کیوں خوش نہیں ہو سکتے اور نفرت پھیلاتے ہیں‘

’سوناکشی کو دونوں مذاہب سے تعلق رکھنے والے صارفین کی جانب سے ٹرول کرتے دیکھنامضحکہ خیز ہے۔ سوناکشی سنہا آپ کو مبارک ہو اورآپ جیسی خاتون کو مزید طاقت عطا ہو۔‘

https://twitter.com/UpasonaB/status/1804989854364979518

ابھیشیک گوئل نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’سوناکشی اور ظہیر کو شادی مبارک۔ اتنی میمز اور نفرت کے باوجود دونوں نے اپنے رشتے کو انجام تک پہنچایا جو کہ قابل تعریف ہے۔

’حد اس وقت ہوئی جب بات شادی تک نہ رکی بلکہ صارفین ان کی کردار کشی تک جا پہنچے۔ وہ دوسروں کی خوشی کو برداشت نہیں کر سکتے۔ ہرگز نہیں۔‘

https://twitter.com/AG_knocks/status/1804962209057173673

شوراج یادو نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’آؤ آپ کو دکھاتے ہیں بھکتوں کی منافقت۔ اگر سوناکشی سنہا ظہیر اقبال سے شادی کرتی ہے تو یہ لو جہاد ہے اور اگر شیوم دوبے انجم خان سے شادی کرتے ہیں تو یہ سچا پیار ہے۔

’کیا یہ دوغلاپن شروع سے ہے یا 2014 کے بعد آیا ہے؟ سوناکشی سنہا کو شادی مبارک!‘

https://twitter.com/shivaydv_/status/1804884068766810118

بہت سے لوگوں نے ایک ٹویٹ کو شیئر کیا ہے کہ ’رامائن میں آج ایک مسلم کی انٹری ہوئی ہے۔‘

’شتروگھن سنہا نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ سوناکشی اور ظہیر اقبال کی شادی مبارک ہو بھکتو۔‘

https://twitter.com/realwajidkhan/status/1804890086418563157

یاد رہے کہ اس سے قبل جب گذشتہ سال بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے ایک مسلم نوجوان فہد احمد سے شادی کی تھی تو اس وقت بھی انھیں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ویسے ایک طبقہ بالی وڈ میں اس قسم کی شادی کا شدید مخالف رہا اور وہ شاہ رخ خان کی گوری خان سے شادی، یا سیف علی خان کی کرینہ کپور سے شادی، یا پھر عامر خان کی کرن راؤ کی شادیوں سے بہت نالاں رہتے ہیں اور اسے لو جہاد کا نام دیتے ہیں۔

ان کا خیال یہ ہے کہ اس طرح وہ ہندو خواتین کو اسلام میں داخل کر رہے ہیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.