’مسافر طیارے کی چھت میں پھنسے رہے‘ ٹربیولنس کے باعث ایئر یوروپا کی ہنگامی لینڈنگ

image

سپین سے یوراگوئے جانے والے ایک طیارے کا دوران پرواز توازن بگڑنے کے باعث 24 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔ 

نیویارک ٹائمز کے مطابق پیر کے روز ایئر یوروپا کے طیارے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر نے سپین سے یوراگوئے کے لیے اڑان بھری لیکن دوران پرواز طیارے کو ایئر ٹربیولنس کا سامنا کرنا پڑا۔

پرواز کو اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی برازیل کے ساحلی شہر نٹال میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

برازیل کے صحت عامہ کے حکام کے مطابق ایئر ٹربیولنس کے دوران کچھ مسافر طیارے کی چھت سے ٹکرائے جس سے ان کے سر، گردن اور سینے پر چوٹیں آئیں۔

مقامی طبی ٹیم نے برازیلین میڈیا کو بتایا کہ چھت سے ٹکرانے والے مسافروں کو فریکچر اور چہرے پر زخم آئے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق 36 مسافروں کو زخمی حالت میں طبی امداد فراہم کی گئی اور 23 مسافروں کو ہسپتال لے جایا گیا۔

ایئر ٹربیولنس کے بعد طیارے کو برازیل کے ساحلی شہر نٹال میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی (فوٹو: اے ایف پی)

ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ جن مسافروں کا علاج کیا گیا ان میں سے کچھ صدمے سے دوچار تھے لیکن انہیں کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی۔ پیر کی شام تک پانچ مسافر ہسپتال میں داخل تھے جن میں سے چار انتہائی نگہداشت میں ہیں۔

طیارے میں سوار دو خواتین مسافروں نے نیوز چینل ٹیلی منڈو کو بتایا کہ ٹربیولنس کے دوران ایک مسافر اپنی سیٹ سے اچھل کر طیارے کی چھت میں موجود کیبن میں جا پہنچا۔ 

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص جہاز کے اوور ہیڈ باکس کے قریب  پڑا ہوا ہے اور اسے دو مسافروں کی مدد سے نیچے اتارا جا رہا ہے۔ دیگر تصاویر اور ویڈیوز میں چھت کے ٹوٹے ہوئے پینل اور سیٹیں دکھائی دے رہی ہیں۔

پرواز کا توازن بگڑنے سے مسافر طیارے کی چھت سے جا ٹکرائے (فوٹو: اے ایف پی)

یوراگوئے سے تعلق رکھنے والی ایک مسافر ایوینجلینا سراویا نے ٹیلی منڈو کو بتایا ’ایک شخص کو پلاسٹک کی چھت اور اس کے پیچھے دھات کی چھت کے درمیان لٹکا ہوا دیکھا گیا، اور ایک بچے کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔‘

ایک اور مسافر رومینہ اپائی نے بتایا کہ وہ اس شخص کے پاس بیٹھی تھیں جو طیارے کی چھت میں جا پہنچا تھا۔ رومینہ نے بتایا کہ ’ایک مسافر اچھل کر چھت کی بِن میں پھنس گیا تھا، ہم اسے نہیں ڈھونڈ سکے۔ جب طیارہ مستحکم ہوا تو لوگ سیٹوں پر گرے اور کچھ دوسرے مسافروں کے اوپر گرے۔‘

ٹربیولنس کے باعث اس طرح کی شدید چوٹیں نسبتاً کم ہوتی ہیں۔ امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق، 2009 سے 2022 کے درمیان امریکہ میں فضائی پروازوں کی ٹربیولنس سے 163 مسافر متاثر ہو چکے ہیں۔

ایئر یوروپا میں پیش آنے والا حادثہ دو ماہ سے بھی کم عرصے میں اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل مئی میں سنگاپور ایئر لائن کی پرواز میں ٹربیولنس کے باعث ایک 73 سالہ شخص کی موت ہوئی تھی جبکہ 70 سے زائد مسافر زخمی ہوئے تھے۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.