محسن نقوی کا ’چیمپیئنز کپ‘ پاکستانی کرکٹ کے لیے فائدہ مند یا صرف ’الٹرا پرومیکس‘

آج سے شروع ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ سے وہ سب فوائد کیسے حاصل ہو جائیں گے جو اس سے پچھلے ٹورنامنٹس اور سابقہ پی سی بی چیئرمین حاصل نہیں کر پائے؟

آج سے شروع ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ سے وہ سب فوائد کیسے حاصل ہو جائیں گے جو اس سے پچھلے ٹورنامنٹس اور سابقہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حاصل نہیں کر پائے؟

مارچ 2022 کی ایک سہانی سہہ پہر، جب پی سی بی ہیڈکوارٹرز لاہور میں اپنی آرام دہ کرسی پہ آنکھیں موندے، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو پاکستان جونئیر لیگ کی ’آمد‘ ہوئی تو اس کے اہتمام میں انھوں نے پلک جھپکتے کی دیر بھی گوارا نہ کی۔

رمیز راجہ کا وہ ’منفرد‘ آئیڈیا پاکستان کرکٹ کی تقدیر بدلنے کو تھا اور اس کی مارکیٹنگ میں جو انتھک محنت خرچ ہوئی، وہ مالی لحاظ سے اتنی سود مند ثابت ہوئی کہ پاکستان جونئیر لیگ اپنے پہلے ہی ایڈیشن میں 95 ملین روپے کما گئی۔

دقت فقط یہ تھی کہ رمیز راجہ کے خوابوں کا وہ میلہ سجانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے 929 ملین روپے خرچ بھی ہو گئے۔

جانے پاکستان کرکٹ بورڈ کی چیئرمین کی کرسی میں ایسی کیا بات ہے کہ اس پہ بیٹھنے والا ہر شخص پہلی ہی جست میں تسخیرِ کائنات کے خواب دیکھنے لگتا ہے اور خود نمائی تو جیسے اس کے فرائضِ منصبی کا حصہ ہو رہتی ہے، گویا پی سی بی کا آئین اسے پابند کر چھوڑتا ہو۔

رمیز راجہ کے خواب تو پی سی بی کی بھری جیبیں ڈھیلی کر گئے مگر اس کرسی کے حالیہ مسند نشین تو آتے ہی کہہ چکے ہیں کہ ’پیسہ بہت ہے، پہلے لگتا نہیں تھا، اب لگے گا بھی اور دکھے گا بھی۔‘

دوسری جانب حال یہ بھی رہ چکا کہ بدانتظامی اور غیر یقینی اس نہج کو پہنچی کہ دو سالہ براڈکاسٹ ڈیل بیچنے کے لیے پی سی بی کو ایڑیاں رگڑنا پڑ گئیں۔ اور خاصی محنت کے بعد طے شدہ ڈیل کے مطابق اگست 2024 سے دسمبر 2026 تک براڈکاسٹ رائٹس کی مد میں، پی سی بی لگ بھگ ساڑھے چھ ملین ڈالر کمائے گا۔

مشکل فقط یہ ہے کہ اس کمائی کا تقریباً آدھا حصہ یعنی 2.7 ملین ڈالر ان پانچ مینٹورز کی تین سالہ تنخواہ میں خرچ ہو جائے گا جو آج سے شروع ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ میں پانچ ٹیموں کی گرومنگ کریں گے۔ یہ بھی واضح رہے کہ متعلقہ پانچوں ٹیموں کے ہیڈ کوچز اور دیگر کوچز ان مینٹورز کے علاوہ ہوں گے۔

پی سی بی نے اس چیمپیئنز کپ کے جو جو فضائل بیان کیے ہیں اور اس سے پاکستان کرکٹ کو جو بشارتیں ملنے کی نوید سنائی گئی ہے، اس کی بحث تو وقت پہ چھوڑ دینا بہتر ہے مگر یہ سمجھنا تو ابھی بھی ضروری ہے کہ ایک پہلے سے لدے پھندے ڈومیسٹک کیلنڈر میں تین نئے ٹورنامنٹس گھسیڑ دینے سے کرکٹ کا بھلا کیسے ہو گا۔

بالفاظِ دیگر، اس چیمپیئنز کپ سے وہ سب فوائد کیسے حاصل ہو جائیں گے جو اس سے پچھلے ٹورنامنٹس اور سابقہ پی سی بی چیئرمین حاصل نہیں کر پائے؟ بجا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سرمایہ کاری بھلی شے ہے اور پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹرز کی اس ٹورنامنٹ میں شمولیت سے نوجوانوں کو کچھ ایکسپوژر بھی ملے گا مگر یہ پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں بہتری کیسے لائے گا؟

کیونکہ، فی الوقت پاکستان کے انٹرنیشنل کرکٹرز کی اپنی کیفیت یہ ہو چکی ہے کہ کسی بگ تھری کے چیمپیئنز کپ میں ہمارے ان سپر سٹارز کو ایمرجنگ کیٹیگری میں رکھ کر مچل سٹارک، جسپریت بمراہ، پیٹ کمنز، کگیسو ربادا، وراٹ کوہلی، جو روٹ، بین سٹوکس اور کین ولیمسن جیسوں سے سیکھنے کا موقع دئیے جانے کی ضرورت ہے۔

یہ حقیقت بہت سے ڈیٹا خور ماہرین کے لیے تلخ ہو سکتی ہے مگر جن اعدادوشمار کی بدولت پاکستان کے کچھ حالیہ سپر سٹارز ابھرے اور ون ڈے میں اول رینکنگ کی بھی شہرت پائی، ان مخالف ٹیموں اور سکواڈز کی مسابقت کا معیار بھی لگ بھگ اس نئے چیمپیئنز کپ جیسا ہی تھا۔

اگر پی سی بی اس ٹورنامنٹ کو واقعی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کے درمیان گہرے خلا کی بھرائی کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا تو اسے اپنے ناقدین کو بھاری تنخواہوں کے عوض مینٹور بنانے کی بجائے یہ بھاری پرس کچھ دیگر تگڑے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو یہاں لانے پہ خرچ کرنا چاہیے تھا تا کہ پی ایس ایل کی طرح کچھ تو انٹرنیشنل ایکسپوژر بڑھ پاتا۔

مگر کیا کیجئے، ہر نئے چیئرمین کو کچھ نہ کچھ تو نیا کرنا ہی ہوتا ہے۔ سو، محسن نقوی بھی پی سی بی کی روشن تاریخ میں اپنے نام کا چراغ جلا رہے ہیں اور پاکستان کے ہوم سیزن کی مشکل ترین ٹیسٹ سیریز سے تین ہفتے پہلے، ان کے وژن کا یہ تاریخی ون ڈے ٹورنامنٹ طلوع ہو رہا ہے۔

جیسے موبائل کمپنیاں نئے ماڈل لانچ کرتے وقت اپنی ایک سالہ محنت کا نچوڑ بڑے کیمرے، زیادہ میموری اور نئے پاور بٹن کی شکل میں پیش کرتی ہیں، کچھ اسی طرح پی سی بی نے بھی چیمپیئنز ون ڈے کپکی تشہیری مہم میں مہنگے مینٹورز، لائیو سٹریمنگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس جیسے الفاظ کا تواتر سے استعمال کیا ہے۔

گو، مارکیٹنگ کے اعتبار سے یہ سبھی ’کی ورڈز‘ ہیش ٹیگ میں بدلنے اور بِکنے کے قابل ہیں مگر سوال یہ ہے کہ مارکیٹ میں تو پی ایس ایل بھی خوب بِک جاتی ہے مگر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی تک رسائی نہیں دے پاتی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.