موبائل فون پر کال کرنے کے لیے عموماً سم اور نیٹ ورک کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن اب جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ معمولی سی رکاوٹ بھی ختم ہونے والی ہے۔ بھارت کی سرکاری ٹیلی کام کمپنی ’بی ایس این ایل‘ نے حال ہی میں انڈین موبائل کانگریس میں اپنے نئے لوگو اور سلوگن کے ساتھ سات نئی خدمات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن میں سب سے خاص سروس بغیر سم اور نیٹ ورک کے کال کرنے کی سہولت ہے۔
بی ایس این ایل کی نئی ڈی ٹو ڈی (D2D) سروس کے ذریعے لوگ سیٹلائٹ کی مدد سے کال کر سکیں گے، اور یہ سب ممکن ہوگا بغیر کسی سم کارڈ یا موبائل نیٹ ورک کے۔ یہ سہولت خاص طور پر ان علاقوں میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی جہاں موبائل نیٹ ورک کی رسائی مشکل ہے۔
اس سروس کا ایک اور فائدہ قدرتی آفات کے دوران بھی نظر آئے گا، جب نیٹ ورک اکثر بند ہو جاتا ہے۔ ایسے حالات میں، بی ایس این ایل کی ڈی ٹو ڈی سروس لوگوں کو رابطے میں رہنے کی سہولت دے گی۔
یہ سروس سیٹلائٹ ٹیکنالوجی پر کام کرے گی، جس میں سیٹلائٹ زمین پر موجود موبائل فونز کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا کام کرے گا۔ اس سروس کے لیے بی ایس این ایل نے ویاست کمپنی کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جو سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی۔ اس نئی ٹیکنالوجی سے ان علاقوں میں رابطہ ممکن ہوگا جہاں روایتی نیٹ ورک ناکام ہو جاتا ہے۔