پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن میچ کھیلا جارہا ہے جہاں پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی نے میزبان ٹیم کو 140 رنز پر ڈھیر کردیا۔
پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
تین میچز کی سیریز پر مشتمل آخری ون ڈے میچ پرتھ میں کھیلا جارہا ہے۔
ٹاس کے موقع پر قومی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پچ مختلف نہیں لگ رہی اس لیے پہلے بولنگ کررہےہیں، پچھلےمیچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں اور ا ب تک سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔
پہلے میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف دو وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستانی بولروں نے آسٹریلوی بیٹرز پر اپنی دھاک بٹھائی۔
پاکستان کے پاس اب بہترین موقع ہے کہ وہ 22 سال بعد آسٹریلیا کو اُس کی سر زمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دے۔ اس سے قبل 2002 میں پاکستان نے کینگروز کے خلاف آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتی تھی۔