عثمان اور عرفان کی عمدہ بیٹنگ پاکستان کو نہ بچا سکی، آسٹریلیا نے فتح سمیٹ لی

image

تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

سنیچر کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ  میں پاکستان کی ساری ٹیم 148 رنز کے تعاقب میں 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر ڈھیر ہو گئی۔

عثمان خان کے 52 اور عرفان خان کی 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی پاکستان کو جیت نہ دلا سکی۔

بابر اعظم، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان سمیت سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا مایوس کُن آغاز کیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم نے اوپنگ کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ بابر اعظم کی صورت میں دوسرے اوور کی پہلی گیند پر اس وقت گری جب ٹیم کے مجموعی سکور صرف 12 تھے۔ وہ تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ون ڈاؤن آنے والے صاحبزادہ فرحان بھی زیادہ دیر تک پچ پر نہ ٹک سکے۔ صاحبزادہ فرحان تیسرے اوور کی آخری گیند پر پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد نو اوورز تک محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے گرتی وکٹوں کو بچائے رکھا لیکن ٹیم کے سکور میں کوئی خاص اضافہ نہ کر سکے۔

عرفان خان 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان پہلے نو اوورز تک کوئی ایک باؤنڈری بھی کھیلنے میں ناکام رہا۔

سلمان علی آغا اور کپتان محمد رضوان 10ویں اوور کی دوسری اور تیسری گیند پر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔

سلمان علی آغا نے صفر جبکہ محمد رضوان نے 16 رنز بنائے۔

عثمان خان کریز پر اترے تو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ٹیم کے رنز بڑھاتے رہے۔ وہ 38 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

حارث رؤف  نے دو رنز بنائے جبکہ عرفان خان 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

عثمان خان نے 38 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52رنز بنائے (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان کی جانب سے چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم  بغیر کوئی رن بنائے پولین لوٹے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سپینسرجانسن نے 26 رنز دے کر 5  وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈم زمپا نے2 اور زاویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے سپینسر جانسن کو عمدہ بولنگ کا مظاہری کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کی اننگز

آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا عمدہ آغاز کیا اور چوکوں اور چھکوں کی برسات کر دی۔ اننگز کی شروعات میں ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا پاکستان کے خلاف پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کرے گا۔

لیکن پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ نے آسٹریلوی بیٹرز کو قابو کر لیا۔ حارث رؤف، عباس آفریدی اور سفیان مقیم کی پے درپے وکٹوں نے آسٹریلیا کو رنز بڑھانے سے روکا۔

پاکستان کے کھلاڑیوں نے کئی کیچیں ڈراپ کیں اور مس فیلڈنگ کی وجہ سے آسٹریلیا کے متعدد چوکے بھی ہوئے۔

آسٹریلوی اوپنرز نے پہلے تین اوورز میں خوب چوکے اور چھکے لگا کر ٹیم کا سکور 52 رنز تک بڑھایا۔

آسٹریلیا کے اوپنرز نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

متھیو شارٹ اور جیک فریزر میک گرک کی پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب حارث رؤف کی گیند پر جیک فریزر میک گرک نے آغا سلمان کو کیچ تھما دیا۔ انہوں نے 20 رنز بنائے۔

اس کے بعد پاکستان آسٹریلیا کی دوسری وکٹ حاصل کرنے میں بھی جلد کامیاب ہو گیا۔ ون ڈاؤن کریز پر اترنے والے  کپتان جوش انگس بھی حارث رؤف کا شکار بنے اور صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد متھیو شارٹ 32 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکاربنے۔ گلین میکسویل 21، مارکس سٹوئنس 14 اور ٹم ڈیوڈ 18،آرون ہارڈی 28، زیویئر بارٹلیٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، سفیان مقیم نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کی (فوٹو: گیٹی)

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے چار اور سفیان مقیم نے دو جبکہ عباس آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ انتہائی مایوس کن رہی۔ دونوں نے اپنے چار، چار اوورز میں مجوعی طور پر 44 اور 39 رنز دیے۔

یاد رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، بابر اعظم، محمد رضوان (کپتان)، سفیان مقیم، سلمان علی آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیونجوش انگلس (کپتان)، شین ایبٹ، زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونلی، ٹم ڈیوڈ، ایرون ہارڈی، سپینسر جانسن، گلین میکسویل، میتھیو شارٹ، مارکس سٹوئنس اور ایڈم زمپا آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.