اسلام آباد سے پیرس جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز میں اس وقت ہنگامہ برپا ہوگیا جب ایک مسافر نے سگریٹ نوشی سے منع کیے جانے پر آپے سے باہر ہوکر ائیرہوسٹس پر حملہ کر دیا۔
مسافر کا غصہ قابو سے باہر!
ائیرلائن ذرائع کے مطابق پرواز میں دورانِ سفر ایک مسافر سگریٹ جلانے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر خاتون فضائی میزبان نے اسے فوری روک دیا۔ یہ معمولی سی ٹوک سفیر نامی مسافر کو اتنی ناگوار گزری کہ وہ بدتمیزی پر اتر آیا اور پھر معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔
جب فلائٹ اسٹیورڈ نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، تو مشتعل مسافر نے اس پر بھی حملہ کر دیا، جس سے طیارے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
کپتان کا فوری ایکشن، سکیورٹی الرٹ!
طیارے کے کپتان نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور سکیورٹی حکام کو طلب کرلیا۔ جیسے ہی پرواز پیرس ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی، پولیس پہلے سے تیار کھڑی تھی۔
گرفتاری اور تحقیقات کا آغاز!
ائیرپورٹ پر مسافر کو فوراً حراست میں لے لیا گیا، جبکہ فضائی میزبان نے باقاعدہ شکایت درج کروادی۔ ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ائیرلائن کے عملے کی سکیورٹی سب سے پہلی ترجیح ہے، اور ایسے کسی بھی بدتمیزی کے واقعے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔