پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسن گلیسپی ہی پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے کہا تھا کہ جیسن گلیسپی کو پاکستان کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا اور ان کی جگہ عاقب جاوید کو ہر فارمیٹ کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا جائے گا۔ایکس پر ایک بیان میں پی سی بی نے کہا کہ جیسن گلیسپی جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کے ریڈ بال کوچ ہوں گے۔کرک انفو کے مطابق عاقب جاوید پی سی بی کی پہلی پسند نہیں تھے، بورڈ نے ابتدائی طور پر گلیسپی کو اگلے مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک آل فارمیٹ کوچ کا عہدہ سنبھالنے کے لیے کہا تھا، تاہم ان سے کہا گیا کہ وہ اپنے موجودہ معاہدے میں تبدیلی کے بغیر وائٹ بال کی اضافی ذمہ داری بھی سنبھال لیں۔کرک انو نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ پی سی بی کے ایک اہلکار نے گلیسپی کو تبدیل کرنے کے فیصلے کی وجہ پاکستان میں کافی وقت نہ گزارنے کو قرار دیا ہے۔ یہ وہ چیز ہے جو پی سی بی نے گیری کرسٹن کے استعفیٰ کی وضاحت کے لیے استعمال کی تھی، جو اس سے پہلے وائٹ بال کوچ تھے۔ کرک انفو کے مطابق گلیسپی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کانٹریکٹ کے مطابق وقت پاکستان میں گزارا۔