چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ’انڈیا کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے۔‘
پیر کو لاہور میں قذافی سٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ’کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔ آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں اچھے طریقے سے ہو گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہمیں خط کے جواب کا انتظار ہے۔ آئی سی سی سے رابطے میں ہیں۔ چیمپیئنز ٹرافی ٹور منسوخ نہیں ہوا ابھی ری شیڈول ہوا ہے۔ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں اور رہیں گے۔ آئی سی سی جلد شیڈول کا اعلان کرے گا۔‘
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزید بتایا کہ چیمپیئنز ٹرافی تک عاقب جاوید سے درخواست کی ہے وہ کوچ کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں آئندہ سال فروری اور مارچ کے مہینوں میں چیمپیئنز ٹرافی شیڈول ہے جس کے تحت پاکستان کے مختلف شہروں میں چیمپیئنز ٹرافی میں شامل ٹیموں کے درمیان 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
انڈیا کے انکار کے بعد آئی سی سی تاحال چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کر سکا (فوٹو: کرک انفو)
جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا سمیت دوسری ٹمیوں نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنی ہےتاہم، انڈیا کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کا شیڈول جاری ہونے سے قبل ہی پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان 11 نومبر کو لاہور میں کرنا تھا تاہم انڈیا کے انکار کے بعد آئی سی سی تاحال شیڈول کا اعلان نہیں کر سکا۔یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کے تمام میچ لاہور میں شیڈول تھے۔