’کروڑوں کی ڈیل‘ جس پر سلمان خان نے مقبول کاروباری شخصیت کو ٹی وی پر ’دوغلے پن‘ کا طعنہ دیا

انڈین شو ’بِگ باس‘ کے سیزن 18 کی ایک قسط کی ویڈیو پاکستان اور انڈیا میں سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور اس کی وجہ سلمان خان کی جانب سے ایک مشہور کاروباری شخصیت اشنیر گروور کے لیے ’دوغلاپن‘ سمیت دیگر سخت الفاظ کا استعمال کرنا ہے۔

انڈین شو ’بِگ باس‘ کے سیزن 18 کی ایک قسط کی ویڈیو پاکستان اور انڈیا میں سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور اس کی وجہ سلمان خان کی جانب سے ایک مشہور کاروباری شخصیت اشنیر گروور کے لیے ’دوغلاپن‘ سمیت دیگر سخت الفاظ کا استعمال کرنا ہے۔

اتوار کو انڈیا کی معروف کاروباری شخصیت اور ٹیکنالوجی کمپنی ’بھارت پے‘ کے سابق مینجنگ ڈائریکٹر اشنیر گروور بِگ باس میں بطور مہمان شریک ہوئے اور اس موقع پر سلمان خان نے اپنے مہمان کے کچھپُرانے دعوؤں پر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ لمحہ یقیناً اشنیر گروور کے لیے خاصا مشکل تھا اور بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ انھیں بھی سلمان خان سے ایسے رویے کی توقع نہیں تھی، وہ بھی بگ باس کے شو کی نشریات کے دوران۔

تنازع کی شروعات کہاں سے ہوئی؟

پروگرام کے شروعات میں سلمان خان نے اشنیر گروور کا تعارف کچھ اس طرح کروایا: ’آج ہمارے شو میں ایک ایسے مشہور کاروباریشخص آ رہے ہیں جو کہ اپنے تند و تیز لفظوں کی وجہ سے بہت مشہور ہیں اور خاص طور پر ان کی جانب سے بار بار استعمال کیے جانے والے الفاظ ’ڈبل سٹینڈرڈز‘ بھی بہت مشہور ہو رہا ہے۔‘

سلمان خان نے مزید کہا کہ ’بِگ باس اور اشنیر گروور میں بھی مماثلت پائی جاتی ہے۔ جیسے بِگ باس لوگوں کے ڈبل سٹینڈرڈز دکھاتا ہے ویسے ہی اشنیر گروور بھی لوگوں کے ڈبل سٹینڈرڈز کے بارے میں بات کرتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ سلمان خان ماضی میں اشنیر گروور کی سابق کمپنی ’بھارت پے‘ کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی رہ چکے ہیں۔

پروگرام کے دوران سلمان خان نے ایک پُرانی ویڈیو پر تبصرہ کیا جس میں اشنیر گروور نے سلمان خان کے حوالے سے بات کی تھی۔

سلمان خان نے کہا ’میں نے آپ کو میرے اور میری ٹیم کے حوالے سے کچھ کہتے ہوئے سُنا لیکن میری تو کبھی آپ سے ملاقات نہیں ہوئی۔ آپ نے کہا کہ میری ٹیم نے آپ سے پوچھا کہ آپ کیا یہاں بھنڈی لینے آئے ہیں؟‘

سلمان خان نے مزید کہا کہ ’میری ٹیم اس طرح کی باتیں نہیں کرتی۔ آپ (اشنیر گرورو) نے ایسی بات کہی کیوں؟‘

اس سوال کے جواب میں اشنیر گروور نے کہا کہ اس تمام معاملے کے بیچ میں ایک اور ایجنسی کا بھی کردار تھا۔

سلمان خان نے فوراً پلٹ کے جواب دیا کہ ’اس معاملے میں کوئی ایجنسی بیچ میں نہیں تھی۔ وہاں میرے اپنے لوگ تھے، وکرم تھا، گورو تھا اور یہ لوگ ایسی باتیں نہیں کرتے۔‘

سلمان خان نے پُرانی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پھر آپ نے یہ بھی کہا کہ ہم نے انھیں (سلمان خان کو) اتنے (پیسوں) میں سائن کیا؟ تو کیا یہ دوغلا پن نہیں ہیں؟‘

سلمان خان یہاں اس وقت کا ذکر کر رہے تھے جب وہ ’بھارت پے‘ کے برانڈ ایمبیسیڈر تھے۔

سلمان خان نے اس حوالے سے اشنیر گروور کو مزید بتایا کہ ’وہ میٹنگ بہت سارے لوگوں کے درمیان ہوئی تھی۔ اس میں آپ کی ٹیم بھی تھی اور یقیناً آپ بھی ہوں گے۔‘

’وہاں ایسی بات ہوئی ہی نہیں تھی۔ نہ وہ گفتگو (جس کا ذکر اشنیر گروور نے کیا) درست تھی اور نہ ہی وہ نمبرز (معاوضے کی رقم) درست تھے۔‘

اشنیر گروور نے اس حوالے سے سلمان خان کو بتایا کہ ’آپ کو برانڈ ایمبیسیڈر بنانا میرا ایک عقلمندانہ فیصلہ تھا۔ آپ کے ساتھ شوٹنگ کا تجربہ بھی اچھا تھا۔‘

سلمان خان نے اس بات پر بھی ان پر طنز کیا اور کہا کہ ’آپ کا جو اب رویہ ہے وہ ویڈیو میں نہیں تھا۔‘

اشنیر گروور نے جواب دیا کہ ’معذرت سر، اگر آپ کو بُرا لگا۔‘

اشنیر گروور نے اب کیا کہا؟

اس قسط کے نشر ہونے کے بعد اشنیر گروور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’مجھے اُمید ہے کہ آپ نے بگ باس کی قسطدیکھ کر لطف اٹھایا ہو گا۔ لیکن یہ جو میں اب لکھ رہا ہوں وہ سب سچ ہے۔‘

’سلمان خان ایک اچھے میزبان اور اداکار ہیں۔ سلمان خان جانتے ہیں کہ بگ باس میں کیا کام کرتا ہے۔ میں نے ہمیشہ سلمان خان کی تعریف کی ہے۔ میں نے سلمان خان کے بارے میں کبھی کوئی غلط بات نہیں کی۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’سلمان خان سے ڈیل کے نمبرز (معاوضہ) بھی بالکل درست ہیں اور اس کی بینک اور آڈیٹر سے بھی تصدیق کی گئی تھی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مئی 2019 میں جوہو کے علاقے میں واقع جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل میں سلمان خان کے ساتھ ملاقات ہوئی تھی۔ اس بات میں کوئی بُرائی نہیں ہے کہ اگر میں انھیں یاد نہیں، میں اس وقت ایک مشہور شخص نہیں تھی اور وہ دن بھر بہت سے لوگوں سے ملتے ہیں۔‘

’اشنیر کو سلمان سے ویسی ہی تنقید سننی پڑی جیسی وہ شارک ٹینک پر کرتے ہیں‘

وِتدویش نامی صارف نےایکس پر لکھا ’اشنیر گروور کو سلمان خان کی جانب سے ویسی ہی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جیسا کہ وہ شارک ٹینک میں لوگوں پر کرتے ہیں۔‘

اشنیر گروور کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ابھیشیک آنند نامی صارف نے کہا کہ ’اب اسے بند کرو۔ تمہارا دوہرا معیار ختم نہیں ہوتا۔ آپ بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اب ہو جانے والے نقصان پر قابو پانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔‘

روی شرما نامی صارف نے اشنیر گروور کا دفاع کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’وہاں جو کچھ بھی ہوا ہو گا، لیکن ہمیں یہ ماننا پڑے گا کہ اشنیر وہاں گئے تھے، اگر وہ سلمان خان کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرتے تو وہ وہاں نہ جاتے۔‘

اشنیر گروور نے پرانی ویڈیو میں کیا دعویٰ کیا؟

سلمان خان ’بھارت پے یو پی آئی‘ ایپ کے برانڈ ایمبیسیڈر رہ چکے ہیں۔ ایک تقریب میں اشنیر گروور نے سلمان کو برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر سائن کرنے پر کچھ دعوے کیے تھے۔

جس ویڈیو کے بارے میں سلمان خان نے بگ باس میں تذکرہ کیا اس میں اشنیر گروور نے کہا تھا کہ ’کوئی بھی نیا کاروبار شروع کرنے کے لیے اعتماد پیدا کرنا ضروری ہے۔ میری کمپنی چھوٹی تھی، میں نے سلمان خان کو برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر لینے کا سوچا۔

’سلمان کی ٹیم سے جب میں نے بات کی تو انھوں نے کہا کہ اشتہار بنانے میں 7.5 کروڑ روپے کا خرچہ آئے گا۔‘

اشنیر گروور نے کہا کہ ’لیکن میں اسبات کو مانا نہیں ہاں اس بارے میں سودے بازی کی۔ میں نے سلمان خان سے کہا کہ بھائی ان پیسوں کو کم کر دیں اور وہ 4.5 کروڑ روپے میں راضی ہو گئے۔

’ایک وقت میں ان کے مینیجر نے مجھ سے پوچھنا شروع کر دیا کہ آپ اس پر مزید کتنی بحث کریں گے، کیا آپ کوئی عام سی چیز خریدنے کے لیے آئے ہیں؟‘

India
Getty Images

اشنیر گروور کون ہیں؟

اشنیر گروور نے آئی ٹی ٹی دہلی سے سول انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ اشنیر گروور نے آئی آئی ایم احمد آباد سے ایم بی اے بھی کیا ہوا ہے۔

اشنیر گروور یوپی آئی ایپ ’بھارت پے‘ کے شریک بانی اور سابق مینیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ تاہم اشنیر گروور نے کمپنی کے ساتھ تنازعہ کی وجہ سے فروری 2022 میں منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

30 ستمبر 2024 کو ’بھارت پے‘ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اشنیر گروور کے ساتھ معاہدے کے مطابق وہ اب کسی بھی طرح سے کمپنی سے وابستہ نہیں ہیں۔

اشنیر گروور ٹی وی شو شارک ٹینک کے متعدد سیزنز میں جج بھی رہ چکے ہیں۔

اشنیر گروور اور ان کی اہلیہ کے خلاف فراڈ کیس میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور ان کے خلاف نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔ لیکن دہلی ہائیکورٹ نے گذشتہ ہفتے اشنیر گروور کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف جاری کیا گیا نوٹس بھی منسوخ کر دیا گیا۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.