بلاوائیو میں ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی 206 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان نے اب تک دو وکٹوں کے نقصان پر 17 سے زائد رنز بنا لیے ہیں۔
اوپنر عبداللہ شفیق ایک سکور بنا پائے اور صائم ایوب 11 رنز کی اننگز کھیل کر پولین لوٹ گئے۔ دونوں کو زمبابوے کے بولر مزاربانی نے آؤٹ کیا۔
میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کے بعد زمبابوے کی ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ سکور 48 رچرڈ نگروا نے بنایا، سکندر رضا نے 39 رنز بنائے۔
جوائلارڈ گمبی 15، تیندونشانے 29، ڈوئن مائرز 8، کریگ اروائن 6، سین ولیمز 23، سکندر رضا 39، برائن بینیٹ 20، برینڈن ماووتا 1 رن بنائے جبکہ بلسینگ بغیر کوئی رن بنائے پولین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور محمد حسنین نے ایک ایک کھلاڑٰی کو آؤٹ کیا، سلمان آغاز اور فیصل اکرم نے تین، تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حارث رؤف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
یہ میچ حال ہی میں ہیڈ کوچ بننے والے عاقب جاوید کی پہلی اسائمنٹ ہے اور وہ کامیابی کے حوالے سے پرامید ہیں۔
ٹاس کے بعد ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’آسٹریلیا سے اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔‘
اس سیریز کے لیے سامنے آنے والی فہرست کے مطابق پاکستان کے تین اہم کھلاڑٰی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جن میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔
کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے اور یہ سیریز آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آج کے میچ میں محمد رضوان (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ خان، سلمان علی آغاز، محمد عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم کھیل رہے ہیں۔