ٹی20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ، 272 رنز کے تعاقب میں پوری ٹیم 7 رنز پر ڈھیر

image

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کوالیفائر میں نائیجیریا نے آئیوری کوسٹ کی پوری ٹیم کو 7 رنز پر آل آؤٹ کر کے 264 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اتوار کو  لاگوس میں کھیلے گئے میچ میں آئیوری کوسٹ نے 7 رنز پر آل آؤٹ ہو کر ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کے کم ترین سکور کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

میچ کے آغاز میں نائیجیریا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔

نائیجیریا کے پلیئر آف دی میچ سیلم سلاو 53 گیندوں پر 112 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سلیمان رنسیوے نے 50 اور آئزک اوکپے نے 65 رنز بنائے۔ 

272 رنز کے تعاقب میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم 7.3 اوورز میں صرف 7 سکور بنا سکی، جبکہ 7 بیٹرز صفر پر ہی آؤٹ ہوئے۔

آئیوری کوسٹ آئی سی سی مینز ٹی20 کی تاریخ میں واحد ٹیم بن گئی ہے جو ایک ہندسے کے سکور پر آل آؤٹ ہوئی۔

اس سے قبل ٹی20 میں سب سے کم ٹوٹل سکور کا ریکارڈ 10 رنز کا تھا جو رواں ستمبر میں منگولیا بمقابلہ سنگاپور اور گزشتہ سال سپین بمقابلہ مان کے درمیان بنا تھا۔ 

دوسری جانب 264 رنز کی جیت نے ٹی20 میں نائیجیریا کو سب سے بڑے مارجن سے جیت کی فہرست میں نمبر 3 بنا دیا ہے۔

زمبابوے نے گزشتہ ماہ گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دی تھی، اس کے بعد نیپال نے ستمبر 2023 میں ہانگزو میں ہونے والے ایشین گیمز میں منگولیا کو 273 رنز سے شکست دی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.