تیسرا ون ڈے: پاکستان کی 99 رنز سے فتح، سیریز بھی اپنے نام کر لی

image

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ 

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے تھے جس کے تعاقب میں زمبابوے کی ساری ٹیم 41ویں اوور کی پہلی گیند پر204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستانی بولرز کی عمدہ کارگردگی نے زمبابوے کے بیٹرز کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

زمبابوے کی ابتدائی دو وکٹیں پہلے تین اوورز میں گر گئیں جس کے بعد ٹیم پر پریشر بن گیا جو کہ بل آخر ٹیم کی ناکامی تک جاری رہا۔ 

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عبداللہ شفیق نے 50 اور کامران غلام نے 103 رنز بنائے تھے۔

زمبابوے کی اننگز

زمبابوے نے ہدف کے تعاقب کا مایوس کُن آغاز  کیا۔ زمبابوے کی پہلی وکٹ تیسرے اوور کی پہلی گیند جبکہ دوسری وکٹ تیسرے اوور کی پانچویں گیند پر گر گئی۔

جویلورڈ گمبی پانچ جبکہ ڈیون مائرز چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد توانداناشے مارومانی چار چوکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ شان ولیمز 29 گیندوں پر 24 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کریگ ایروین نے 51 اور برین بیننٹ 37 رنز سکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، ابرار احمد، حارث رؤف اور عامر جمال نے دو، دو جبکہ فیصل اکرم اور کامران غلام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے 13 اوورز میں اوپنر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب صائم ایوب 13ویں اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

انہوں نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔

عبداللہ شفیق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی اور سکندر رضا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان محمد رضوان کریز پر اترے اور انہوں نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ وہ سکندر رضا کی گیند پر ڈیون مائرز کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔

کامران غلام نے 99 گیندوں پر 103 رنز بنائے (فوٹو: اے پی)

کامران غلام ٹُو ڈاؤن کریز پر اترے اور لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 99 گیندوں پر 103 رنز بنائے۔ وہ گیند کو باؤنڈری سے باہر کھیلنے کی کوشش میں رچرڈ نگروا کو کیچ تھما بیٹھے۔

اس کے بعد سلمان علی آغا 30 اور عرفان خان تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ طیب طاہر 29 اور عامر جمال پانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کا سکواڈ:

کپتان کریگ ایروائن، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، ٹریور گوانڈو، توانداناشے مارومانی، برینڈن ماوتا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور شان ولیمز زمبابوے کے سکواڈ میں شامل تھے۔ 

پاکستان کا سکواڈ:

کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، ابرار احمد، حارث رؤف اور فیصل اکرم پاکستان کے سکواڈ کا حصہ تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.