کیا دوسری شادی کرنا اتنا ضروری تھا کہ بیٹے کی جان لے لی؟ بسمل ڈرامے میں موسیٰ کی موت نے مردوں کے لئے نئے سوال کھڑے کردیے

image

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا شاہکار بسمل اپنے منفرد موضوع اور جذباتی کہانی کے باعث ناظرین کے دلوں میں گہرا نقش چھوڑ گیا ہے۔ ڈرامے کے حالیہ مناظر میں سعد قریشی کے کردار ’موسیٰ‘ کی خودکشی نے نہ صرف ناظرین کی آنکھوں کو نم کردیا بلکہ ان کے دلوں میں افسوس کی ایک لہر دوڑا دی۔

ڈرامے کی کہانی اپنے ابتدائی حصے میں جہاں خوشحال زندگی کا نقشہ کھینچتی ہے، وہیں جلد ہی تنازعات اور جذباتی دھچکوں سے بھری ایک ایسی داستان میں بدل جاتی ہے جو ہر قسط کے ساتھ ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔

بسمل میں نعمان اعجاز، سویرا ندیم، سعد قریشی، اور حریم فاروق جیسے منجھے ہوئے فنکاروں کی موجودگی نے کہانی کو حقیقت کے قریب تر کردیا ہے۔ نعمان اعجاز نے ’توقیر تاثر عرف ٹی ٹی‘ کے کردار میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے ایک ایسے باپ کو پیش کیا جو اپنی ضد اور خواہشات کے ہاتھوں اپنے بیٹے موسیٰ کو زندگی سے محروم کر بیٹھتا ہے۔

ایک غلط فیصلہ، ایک ٹوٹا ہوا گھر

ڈرامے کے کلائمیکس میں حریم فاروق کا کردار ’معصومہ‘ سازش کے ذریعے ٹی ٹی کو محبت کے جال میں پھنسا کر اس کے خاندان کو برباد کردیتی ہے۔ ٹی ٹی کی بیوی ریحام، جو ایک صابر اور محبت کرنے والی ماں ہے، اپنے بیٹے موسیٰ کے غم سے ٹوٹ جاتی ہے۔ موسیٰ کی شادی ٹوٹنے اور والد کے بے رحم رویے نے اسے اس قدر دلبرداشتہ کردیا کہ وہ اپنی زندگی ختم کرنے پر مجبور ہوگیا۔

ناظرین کا کہنا ہے کہ موسیٰ کی خودکشی کا منظر اتنا جذباتی تھا کہ ہر دل دہل گیا۔ 29ویں قسط کے اختتام پر جب فائر کی آواز گونجی، تو ہر شخص یہ سوچنے پر مجبور ہوگیا کہ موسیٰ زندہ ہوگا۔ لیکن 30ویں قسط نے نہ صرف موسیٰ کے جنازے بلکہ ماں کے دل خراش رونے سے ہر آنکھ کو اشکبار کردیا۔

سوشل میڈیا پر طوفان

سوشل میڈیا پر بسمل کی کہانی کو لے کر کئی جذباتی تبصرے دیکھنے کو ملے۔ کچھ ناظرین نے موسیٰ کی خودکشی پر افسوس کا اظہار کیا، جبکہ دوسروں نے ٹی ٹی اور معصومہ کے رویے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک صارف نے لکھا:

"ٹی ٹی نے اپنے بیٹے کو ایک ایسے گناہ پر مجبور کردیا جس کا کفارہ ممکن نہیں۔ خودکشی نہ صرف حرام ہے بلکہ ایک ایسی موت ہے جو انسان کو ہمیشہ کے لیے سزاوار بنادیتی ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو یہ سکھانے کی ضرورت ہے کہ مشکلات سے لڑنا سیکھیں، ہار ماننا نہیں۔"

دوسری جانب، ایک اور صارف نے ریحام کے دکھ پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا: "ریحام جیسی مضبوط اور محبت کرنے والی ماں کے لیے یہ سب سہنا کسی عذاب سے کم نہیں۔ وہ اپنے بیٹے کے سہارے ہی جی رہی تھی، اور اب وہ بھی چھن گیا۔"

بسمل کی شہرت اور پیغام

ڈرامہ بسمل نہ صرف اپنی کہانی کی بدولت یوٹیوب اور ٹی آر پی چارٹس پر چھایا ہوا ہے بلکہ اس نے ایک اہم سماجی مسئلے پر روشنی ڈالی ہے۔ زندگی کے چیلنجز سے فرار نہیں بلکہ ان کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا ضروری ہے۔ یہ کہانی اپنے انجام سے ناظرین کو نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہے بلکہ ایک گہرا سبق بھی دیتی ہے۔

بسمل جیسا ڈرامہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ زندگی ایک انمول تحفہ ہے، اور محبت، برداشت، اور تعلقات میں مضبوطی ہی وہ عناصر ہیں جو اسے خوشگوار بناتے ہیں۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.