عمر ایوب پر موٹر سائیکل اور ایکسرے مشین سمیت دیگر اشیا چوری کرنے کے مقدمات درج

image

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ ان کے خلاف اب تک موٹر سائیکل چوری کے تین مقدمات درج ہو چکے ہیں جس کے بعد انھیں لگ رہا ہے کہ وہ کسی بین الصوبائی موٹر سائیکل چور گروہ کا حصہ بن جائیں۔

اردو نیوز نے ان کے اس دعوے کے حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ عمر ایوب پر صرف موٹر سائیکل چوری ہی نہیں بلکہ ایکسرے مشین، پولیس اسلحہ، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ، گاٰڑی کا جیک اور ڈیزل ٹینک کا ڈھکن اور ڈیزل چوری کے مقدمات بھی قائم کیے گئے ہیں۔

9 مئی کے واقعات میں بھی عمر ایوب پر درج ہونے والی دو ایف آئی آرز میں ان پر موٹر سائیکل چوری کرنے کے ساتھ ہسپتال سے ایکسرے مشین چوری کرنے، اقدام قتل اور پولیس اسلحہ چوری کرنے کے بھی الزامات لگائے گئے ہیں۔

تازہ ترین مقدمہ عمر ایوب اور ان کے ساتھیوں پر تھانہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 24 نومبر کو عمران خان کی کال پر عمر ایوب اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ احتجاج کے لیے نکلے تو انھیں پولیس کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جس پر انھوں نے ڈنڈوں سوٹو سے پولیس پر حملہ کر دیا اور کئی پولیس اہلکار خمی ہو گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق عمر ایوب اور ان کے ساتھیوں نے اس دوران سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا اور پولیس کی گاڑی کے شیشے، دروازے توڑے، سیٹیں اکھاڑ پھینکیں، ٹائر برسٹ کر دیے، ڈیزل ٹینک کا ڈھکن چوری کر لیا اور ڈیزل بھی نکال کر لے گئے۔

اس کے علاوہ پولیس کے استعمال میں پلاسٹک کی حفاظتی شیٹ اور چھڑیاں بھی چوری کر لیں اور مظاہرین نے جاتے ہوئے پولیس اہلکار 2011 ماڈل کا ہنڈا 125 موٹر سائیکل بھی لے گئے۔

اس حوالے سے جب پولیس حکام سے رابطہ کیا گیا تو تھانہ ٹیکسلا میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مدعی سب انسپکٹر جاوید جمال نے ایف آئی آر کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ اس کے مندرجات حقیقت پر مبنی ہیں۔

عمر ایوب پر موٹر سائیکل اور ایکسرے مشین سمیت دیگر اشیا چوری کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

جب ان سے استفسار کیا گیا کہ ’کیا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف موٹر سائیکل، جیک، ڈیزل ٹینک کے ڈھکن کی چوری میں ملوث ہو سکتے ہیں؟ تو ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق کسی بھی مسئلے کے لیے عوام کو جمع کرنے والا ہی اس جرم کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ اگر کوئی عوام کو اکٹھا کر کے پولیس پر حملہ آور ہوگا، اس دوران گاڑیوں کو نقصان پہنچائے گا یا کوئی چیز غائب ہوگی تو اس کی ذمہ داری اسی پر عائد ہوگی جو ان کو جمع کر کے لایا ہوگا۔‘

مقدمہ درج کرنے والے سب انسپکٹر وسیم خان نے بھی مقدمے کے اندراج کی تصدیق کی اور کہا کہ اس مقدمے کی جزئیات پر بات کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ اپنی ڈیوٹی کے طور پر ان کے پاس جو شکایت آئی ہے اس پر انھوں نے مقدمے کا اندراج کیا ہے۔

اب مزید کام تفتیشی کے حوالے کر دیا گیا ہے جو اس سلسلے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں رپورٹ یا چالان پیش کریں گے۔

9 مئی کے ایک مقدمے میں بھی عمر ایوب پر 25 ہزار روپے کا پرانا موٹر سائیکل چوری کرنے کا الزام لگایا گیا ہے جس کے لیے تین جون 2023 کو عدالت سے ضمانت منظور کروائی تھی۔

اس حوالے سے عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ’مجھ پر ویسے تو سو سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں جبکہ مزید ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں۔ مجھ پر فیصل آباد میں ایک مقدمہ ہے کہ میں نے موٹر سائیکل چوری کی، باقی جگہ پر میں نے ایکسرے مشین چوری کی، کسی جگہ ڈنڈے چوری کیے اور ساتھ میں قتل بھی کیے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.