نوبیاہتا دلہن ٹک ٹاک بناتے ہوئے ہلاک، ’سوشل میڈیا انسانی نفسیات سے کھیل رہا ہے‘

image

فاطمہ کی شادی کو دو روز ہوئے تھے اور ابھی اس کے کمرے میں مسہری سجی ہوئی تھی اور اس کے پھولوں سے خوشبو بھی آرہی تھی۔ اس کی والدہ اور چھوٹی بہن اسے ملنے آئے ہوئی تھیں۔ 

تینوں ایک ہی کمرے میں بیٹھی ہوئی تھیں کہ اچانک فاطمہ کو خیال آیا کہ کیوں نہ ان خوب صورت لمحات کی وہ ٹک ٹاک ویڈیو بنا لے۔ نئے آئیڈیا کی تلاش میں انہوں نے الماری میں سے ایک پستول نکالا جو غالباً اُن کے شوہر کا تھا۔

انہوں نے پستول کو اپنی کنپٹی پر رکھا اور ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے ساتھ ایک گانا پلے کیا اور پستول کے گھوڑے کو دبا دیا۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ ان کی زندگی کی آخری ٹک ٹاک ویڈیو ہے۔ 

فائر کی آواز کے ساتھ ہی فاطمہ خون میں لت پت مسہری پر ڈھیر ہو گئیں۔ فیصل آباد کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والی فاطمہ کی عمر 17 یا 18 برس تھی۔

ان کے والد محمد عباس نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری بیٹی کبھی کبھار ٹک ٹاک پر کوئی ویڈیو بنا لیتی تھی اور اس دن بھی وہ خوش تھی اور ویڈیو بنانا چاہتی تھی۔

’تاہم اسے اندازہ نہیں تھا کہ پستول کو استعمال کیسے کرنا ہے، میری اہلیہ اور میری چھوٹی بیٹی بھی اس کمرے میں موجود تھیں اور ان کی آنکھوں کے سامنے یہ سب ہوا۔ میں نے پولیس کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ ‘

محمد عباس کا کہنا تھا کہ ’میری بیٹی تو چلی گئی میں دوسرے والدین کو کہتا ہوں کہ اپنے بچوں کو اس ٹک ٹاک جیسی لعنت سے دُور رکھیں، میں اس نقصان کو کبھی بھی پورا نہیں کر سکوں گا میں بہت تکلیف میں ہوں۔‘

ٹک ٹاک بناتے ہوئے موت کے منہ میں چلے جانا کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حال ہی میں امریکہ میں ایک 10 سال کی بچی کی موت کے بعد عدالت نے ٹک ٹاک کمپنی کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت دی۔ 

یہ 10 سال کی بچی ٹک ٹاک کے مشہور زمانہ چیلنج ہیش ٹیگ بلیک آؤٹ کا حصہ بنی۔ اس چیلنج میں لوگوں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ اپنا گلا دبا کر اپنی سانس کو اس حد تک بند کریں کہ وہ بے ہوش ہو جائیں۔

اسی چیلنج کو پورا کرنے کی کوشش کی 10 سال کی بچی نے اور اس حد تک اپنا گلا دبایا کہ جان سے گزر گئی۔ 

پاکستان میں اس سے قبل بھی ٹک ٹاک بناتے ہوئے کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

ان کی والدہ نے ٹک ٹاک کے خلاف اور ٹک ٹاک کے الگورتھم کے خلاف امریکی عدالت میں مقدمہ قائم کیا ہے کہ یہ کمپنی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مواد کو 18 سال سے کم عمر بچوں تک پہنچنے سے روکے اور الگورتھم میں ایسی ویڈیوز بچوں کو دکھانے سے روکنے کی پروگرامنگ ہونی چاہیے۔ یہ مقدمہ تاحال زیرسماعت ہے۔

گذشتہ چند برسوں میں پاکستان میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے کئی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ 21 مئی 2021 میں کبل (سوات) کے رہائشی حمید اللہ نامی ایک ٹک ٹاکر نے ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بناتے ہوئے خود پر گولی چلا دی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔  

اسی طرح دسمبر 2019 میں اس سے ملتا جلتا ایک واقعہ سیالکوٹ میں رونما ہوا۔ تین دوست ٹک ٹاک کے لیے ایک ویڈیو فلما رہے تھے کہ ایک دوست کو حقیقت میں گولی لگ گئی اور وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ 

نومبر 2020 میں لاہور کے علاقے سُندر میں دو دوست پستول تھامے ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنا رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، ایک دوست آنکھ میں گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا دوست بازو میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا۔ 

جون 2020 کو کراچی میں 17 سال کا نوجوان ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بناتے ہوئے گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ فروری 2020 کو لاہور میں پانچ نوجوان رکشہ میں بیٹھ کر ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے، تین نوجوان ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔ جنوری 2021 کو اِسی طرح ویڈیو بناتے ہوئے ریل سے ٹکرا کر ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

جنوری 2021 کو اِسی طرح ویڈیو بناتے ہوئے ریل سے ٹکرا کر ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شناخت کے بحران کا مسئلہ:

پوری دنیا میں نفسیات دان سوشل میڈیا خاص طور پر ٹک ٹاک کے حوالے سے کافی زیادہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ ایسا کیوں ہے کہ لوگ خطرے کی حد تک حتیٰ کہ اپنی جان تک دینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

ڈاکٹر شاہزیب جو کہ ایک ماہر نفسیات ہیں انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ ایک طرح کی سائبر ایڈکشن ہے جس سے اس وقت نئی دنیا کو واسطہ پڑا ہے۔‘

’اس سے پہلے نشہ صرف ڈرگز کا ہوتا تھا لیکن اب سوشل میڈیا کا استعمال ایک نشے کی طرح اسی طرح سے ہی دماغ کو ڈوپامین فراہم کرتا ہے جیسے نشے کی حالت میں کوئی نشہ یہی چیز انسانی دماغ کو فراہم کرتا ہے۔‘

 ڈاکٹر شاہزیب کہتے ہیں کہ ’ٹک ٹاک اس لیے زیادہ مقبول اور نشے کی لت جیسی ہے کیونکہ اس کے اندر صرف چھوٹی ویڈیو کا استعمال کیا جاتا ہے اور چھوٹی سی ویڈیو کے اندر ہی کلائمیکس بھی ہوتا ہے، یعنی نفسیات کے اعتبار سے اس کے تمام جزئیات کسی ذہن کو اس کی لت ڈالنے کے لیے کافی ہیں۔‘

 ماہر نفسیات ارم ارشاد کہتی ہیں کہ ’شناخت کا بحران سب سے بڑی وجہ ہے کیونکہ لوگ سوشل میڈیا پر جب کوئی چیز ڈالتے ہیں تو اس کے بعد جب دوسرے لوگ لائک کے بٹن سے یا اس کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھتے ہیں یا اظہار کرتے ہیں تو اس کا سیدھا سیدھا آپ کے ذہن پہ اثر ہوتا ہے۔

’ٹک ٹاک نے بنیادی طور پر ہر ایک شخص کو ایک سلیبرٹی بنا دیا ہے اور اس کی دستیابی اتنی زیادہ ہے کہ اس کے اندر لوگوں کو اب اپنی شناخت نظر آتی ہے اور اپنی شناخت قائم کرنے کے لیے وہ کسی بھی حد تک چلے جاتے ہیں۔‘

ارم ارشاد کہتی ہیں کہ اس سے قبل یہ کام صرف سلیبرٹیز کرتی تھیں، اس کے لیے شاہ رخ خان ہونا ضروری تھا لیکن اب اس دور میں اپ کے مشہور ہونے کے لیے شاہ رخ خان ہونا ضروری نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ نت نئے طریقوں سے اپنی شناخت کو قائم رکھنے کے جتن کرتے ہیں اور مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.