فخر زمان نے فٹنس سے متعلق ہیڈ کوچ کا بیان مسترد کردیا

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے قومی اسکواڈ سے باہر کیے جانے کے تاثر کو مسترد کر دیا۔

گزشتہ دنوں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا جس میں فخر زمان سمیت اہم کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔

فخر زمان سے متعلق عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا تھا کہ فخر کے نام پر اس لیے نہیں غور کیا گیا کہ وہ ابھی فارم اور میچ فٹنس حاصل نہیں کر پائے ہیں۔

تاہم فخر جو اس وقت قومی ڈومیسٹک چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں مارخورز کی ٹیم کا حصہ ہیں، نے لائنز کے خلاف اپنی ٹیم کے افتتاحی میچ کے دوران ایک انٹرویو میں اپنی فٹنس اور ٹیم میں واپسی سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔

فخر زمان نے کہا کہ میں فٹ ہوں اور اسی لیے کھیل رہا ہوں، اور اگر موقع ملا تو پاکستان ٹیم میں ضرور کھیلوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا کیریئر چیمپئنز ٹرافی سے شروع کیا تھا، اور شکر گزار ہوں کہ میری کارکردگی اچھی رہی اور ہم نے وہاں میچ جیتے۔ اس چیمپئنز ٹرافی میں میری پوری کوشش ہوگی کہ ٹیم میں شامل ہوں اور اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

واضح رہے کہ ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے یہ بھی کہا تھا کہ قومی سلیکشن کمیٹی فخر کے ساتھ رابطے میں ہے اور انہیں فٹنس حاصل کرنے کے بعد منتخب کیا جائے گا۔

فخر زمان نے پاکستان کے لیے آخری میچ جون 2024 میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران کھیلا تھا۔


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts