نادیہ جمیل نے والد کی وفات پر ’الحمدللّٰہ‘ کیوں کہا؟ اداکارہ نے بتادیا

image

پاکستانی معروف سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنے والد کی وفات کے بعد ان کی جدائی کے غم سے نکلنے کا سبق آموز قصہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے مداحوں کے ساتھ ایک دلچسپ قصہ شیئر کیا ہے اور بتایا ہے کہ انہوں نے کس طرح اپنے والد کی موت پر صبر کیا۔

وائرل ویڈیو میں انہیں کہتے ہوئے سن سکتے ہیں کہ گزشتہ برس مئی میں والد کا انتقال ہوا، جس کے بعد لگا کہ دنیا ختم ہو گئی ہے اب میں زندہ نہیں رہ سکوں گی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ابھی والد کے غم میں تھی کہ مجھے ایک سعودی دوست ملی جس نے مجھے بتایا کہ جب ان کے یہاں کوئی فوت ہوتا ہے تو وہ الحمدلِلّٰہ کہتے ہیں۔ نادیہ جمیل نے بتایا کہ جب میری دوست نے یہ کہا تو میں اسے حیرت سے دیکھنے لگی کہ یہ کیا کہہ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی اس دوست نے مزید بتایا کہ جب میرا 15 برس کا اکلوتا بیٹا فوت ہوا تو ایک پاکستانی خاتون نے مجھ سے سوال کیا کہ میرا جوان اکلوتا بیٹا فوت ہو گیا ہے، اب میں صبر کیسے کروں گی؟ جس پر میں نے اس کے ہاتھ سے سونے کا کڑا مانگا اس نے مجھے دے دیا اور کچھ دیر بعد اس نے واپس مانگا تو میں نے اپنے ہاتھ سے وہ کڑا نکال کر اسے واپس کر دیا، جس پر میں نے اسے کہا کہ یہ آپ کی چیز تھی آپ نے مانگی میں نے واپس دے دی میں یہ بھی تو کہہ سکتی تھی کہ مجھے یہ پسند آ گیا ہے اسے واپس مت لو یا کچھ دیر بعد واپس لے لینا لیکن نہیں آپ نے مانگا میں نے دے دیا۔

نادیہ جمیل نے بات جاری رکھتے ہوئے اپنی دوست کا قصہ سنایا کہ میری دوست نے یہ مثال دیتے ہوئے کہا کہ بالکل اسی طرح اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے اپنی چیز دی تھی، جب اس نے واپس مانگی تو میں نے یہ کہتے ہوئے اسے واپس کر دی کہ اس نے مجھ پر 15 برس تک اعتبار کر کے مجھے اپنی چیز دی، اب میں قرضہ واپس کرتے ہوئے شکریہ ادا کروں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ میری دوست نے مجھے سمجھایا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تمہیں والد کا ساتھ 50 برس تک دیا، ان کی یادیں ہیں، ان کا سکھایا ہوا سبق تمہارے ساتھ ہے، دنیا میں ایسے بھی بچے ہیں جنہیں 5 منٹ کے لیے اپنے والد کا ساتھ نہیں ملتا اور تم (نادیہ جمیل) تو ایسے بچوں کے ساتھ کام کرتی ہو، زیادہ بہتر جانتی ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ دوست کی بات سن کر میرا نظریہ ہی بدل گیا، اب مجھے والد کی موت کا غم ہی نہیں رہا، جو کہتے ہیں کہ انسان غم کی 7 منزلوں سے گزرتا ہے، دوست کی بات سننے کے بعد میں ان سے گزری ہی نہیں میرے لب پر صرف ایک چیز ’الحمدلِلّٰہ‘ ہی تھی۔

واضح رہے کہ اداکارہ نادیہ جمیل کے والد 3 مئی 2023ء کو مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.