غزہ: اسرائیلی بمباری سے دو دن کے اندر 140 فلسطینی شہید

image

اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 2 روز سے جاری شدید فضائی حملوں میں مزید 140 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں جمعہ کے روز کم از کم 61 اور جمعرات کو 77 افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے کے مطابق فلسطین کے محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح بھی غزہ شہر کے مغرب میں الصحابہ اسٹریٹ پر واقع شوباکی خاندان کے گھر پر حملے میں میاں بیوی اور بیٹا شہید ہوگئے۔

دریں اثنا اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں الاقصیٰ شہدا ہسپتال کے قریب بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی، تاہم زخمیوں کی حتمی تعداد اور صورتحال کی سنگینی کا فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا۔

کمیونٹی ٹریننگ سینٹر فار کرائسز مینجمنٹ کی ایک حالیہ تحقیق تباہ کن تصویر پیش کرتی ہے، غزہ کے 96 فیصد بچوں کا خیال ہے کہ ’ان کی موت قریب ہے‘۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کمال ادون ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی حراست غزہ کے صحت کے شعبے کو تباہ کرنے کی اسرائیل کی وسیع تر کوششوں میں ’نسل کشی کے عزائم‘ کی علامت ہے۔

دوسری جانب قطر میں مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے بعد حماس کے سینئر عہدیدار بسیم نعیم نے کہا کہ فلسطینی گروپ جنگ بندی معاہدے، غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا اور انکلیو کی آبادی کو ان کے گھروں کو واپس بھیجنے کے بارے میں سنجیدہ ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ عالمی ادارے نے غزہ میں 27 طبی تنصیبات پر 136 اسرائیلی حملے ریکارڈ کیے ہیں، جن میں ’نمایاں ہلاکتیں اور تباہی‘ ہوئی ہے۔

واضح رہے غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 45 ہزار 658 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 8 ہزار 583 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس دوران حماس کی زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں کم از کم ایک ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زیادہ کو یرغمال بنا لیا گیا۔

اسرائیل غزہ میں مسلسل انسانیت کے خلاف اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، اور اقوام متحدہ سمیت کسی کو خاطر میں نہیں لا رہا، بے بسی کی تصویر بنے فلسطینی روز نئی تباہی سے دو چار ہور ہے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.