فیس بک میں 2025 کی پہلی بڑی تبدیلی

image

میٹا نے فیس بک اور انسٹا گرام میں 2025 کی پہلی بہت بڑی تبدیلی کردی ہے جو ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو نمایاں حد تک بدل کر رکھ دے گی۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے 7 جنوری کو اعلان کیا کہ فیس بک، تھریڈز اور انسٹا گرام پر پوسٹس، ویڈیوز اور دیگر مواد کی جانچ پڑتال کرنے کا نظام تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیس بک اور انسٹا گرام میں فیکٹ چیکرز سسٹم ختم کیا جا رہا ہے اور اس کی جگہ صارفین پر مبنی کمیونٹی نوٹس کی دی جائے گی۔

یعنی مواد کی جانچ پڑتال کے لیے ایکس (ٹوئٹر) سے ملتے جلتے سسٹم کو فیس بک اور انسٹا گرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ میں مارک زکربرگ نے کہا کہ 'فیکٹ چیکرز سسٹم سیاسی تعصب پر مبنی تھا اور اس نے اعتماد پیدا کرنے کی بجائے اسے تباہ کیا'۔

انہوں نے کہا کہ پرانا سسٹم لوگوں کو آزادی سے اپنی رائے استعمال کرنے نہیں دیتا تھا اور انہیں متعدد آئیڈیاز کو ترک کرنا پڑا۔

تاہم انہوں نے نئی پالیسی کے حوالے سے ایک اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں میٹا کے پلیٹ فارمز میں زیادہ نقصان دہ مواد پھیل سکتا ہے۔

یہ تبدیلی اس وقت کی جا رہی ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھال رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی پارٹی کے دیگر اراکین کی جانب سے اکثر مارک زکربرگ اور میٹا پر تنقید کی جاتی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دائیں بازو کے خیالات کو سنسر کے ذریعے دبایا جاتا ہے۔

میٹا کی جانب سے حال ہی میں منتخب کیے جانے والے گلوبل افیئر شعبے کے سربراہ Joel Kaplan کے مطابق میٹا کی تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکرز سے شراکت داری اچھے مقاصد کے لیے کی گئی تھی مگر اس میں بہت زیادہ سیاسی تعصب آگیا۔

Joel Kaplan خود ایک اہم ری پبلکن رکن رہ چکے ہیں اور انہوں نے تسلیم کیا کہ مارک زکربرگ کی جانب سے کیا جانے والا اعلان براہ راست حکومتی انتظامیہ میں تبدیلی سے منسلک ہے۔

Jowl Kaplan نے کہا کہ میٹا کی جانب سے تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکرز سے شراکت داری ختم کی جا رہی ہے اور فیس بک، انسٹا گرام اور تھریڈز کے لیے کمیونٹی نوٹس سسٹم کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایلون مسک نے اظہار رائے کی آزادی کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کا کردار بہت زیادہ تعمیراتی ہے۔

فیس بک اوور سائیٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا کہ میٹا کے نیا اعلان قابل فہم نہیں اور مواد کی جانچ پڑتال کے محفوظ طریقے سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہے۔

بورڈ کی جانب سے نئی تبدیلیوں کو سیاسی جرائم کا ساتھ دینا قرار دیا گیا۔

کمپنی کی جانب سے ان آٹومیٹڈ سسٹمز کو بھی ایڈجسٹ کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے جو پالیسیوں کی خلاف ورزیوں کو اسکین کرتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ سسٹمز مواد کو بہت زیادہ سنسر کرتے ہیں اور اب ان سسٹمز میں صرف غیر قانونی یا بہت زیادہ حساس معاملات جیسے دہشتگردی، بچوں کے جنسی استحصال، منشیات اور فراڈ وغیرہ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

دیگر معاملات کو صارفین کی رپورٹنگ پر چھوڑ دیا جائے گا۔

مارک زکربرگ نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ مواد کی جانچ پڑتال کے لیے کام کرنے والے میٹا کے پیچیدہ سسٹمز اکثر غلطی سے عام مواد کو بھی پلیٹ فارم سے ہٹا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس مقام پر پہنچ گئے ہیں جہاں یہ سسٹمز بہت زیادہ غلطیوں اور سنسرشپ کا باعث بن رہے ہیں۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ نئے سسٹم کے بعد ہمارے لیے خراب مواد کو پکڑنا زیادہ مشکل ہوگا مگر اس سے معصوم افراد کی پوسٹس اور اکاؤنٹس کو تحفظ ملے گا جن کو ہم حادثاتی طور پر ڈیلیٹ کر دیتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.