ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکا میں ضم ہونے کی تجویز دیدی

image

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکا میں ضم ہونے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا والے 51ویں امریکی ریاست بن کر خوش ہوں گے اور امریکا میں انضمام سے کینیڈا کو خسارے کا سامنا نہیں ہوگا۔

ترک خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کے مطابق امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ایک بار پھر کینیڈا کے امریکا میں انضمام کی تجویز دے کر تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں بہت سے لوگ امریکا کی 51ویں ریاست بننا چاہتے ہیں جب کہ امریکا اب بڑے پیمانے پر تجارتی خسارے اور سبسڈیز کا سامنا نہیں کر سکتا جس کی کینیڈیا کو ضرورت ہے، یہی بات جسٹن ٹروڈو کو معلوم تھی جس کی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔

یاد رہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو پارٹی اراکین کی جانب سے مستعفیٰ ہونے کے مطالبے پر شدید دباؤ کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے گزشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک آئندہ انتخاب میں ایک حقیقی انتخاب کا اہل ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ اگر میں اندرونی لڑائی لڑتا رہوں گا تو میں انتخابات میں بہترین آپشن نہیں ہوسکتا تاہم جب تک پارٹی میرے متبادل کا انتخاب نہیں کرتی اپنے عہدے پر کام کرتا رہوں گا۔

53 سالہ جسٹن ٹروڈو نے نومبر 2015 میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا اور انہوں نے 2 بار انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جب کہ وہ طویل عرصے تک وزارت عظمیٰ کا دفتر سنبھالنے والے کینیڈین وزیراعظم بھی ہیں۔

تاہم ان کی مقبولیت میں 2 سال پہلے اس وقت کمی آنا شروع ہوئی جب کہ کینیڈا میں مہنگائی اور مکانات کی قلت نے عوام کے غم وغصہ کو جنم دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور کینیڈا کے انضمام سے تجارتی رکاوٹیں ختم ہوں گی اور کینیڈین شہریوں کے لئے ٹیکسوں میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا ’اگر کینیڈا امریکا کے ساتھ انضمام کرلیتا ہے تو کوئی ٹیرف نہیں ہوگا، ٹیکسز بہت کم ہوجائیں گے، اس کے علاوہ کینیڈا روسی اور چینی جہازوں کے خطرے سے مکمل طور پر محفوظ ہوں گے جو ان کے ارد گرد مسلسل موجود ہیں۔

خیال رہے کہ نومبر 2024 میں صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد سے نومنتخب امریکی صدر کینیڈا کو ’51 ویں ریاست‘ قرار دیتے رہے ہیں۔

اس سے قبل ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر کینیڈا نے منشیات اور امریکا میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کو نمایاں طور پر کم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے تو کینیڈا کی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.