غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید45 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق پیر کو غزہ میں صلاح الدین اسکول پر اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے، کل سے اب تک مقبوضہ غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 45 فلسطینی شہید ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ پر اسرائیلی محاصرے کے 100 دنوں میں تقریباً 5ہزار فلسطینی شہید یا لاپتا ہو چکے ہیں اور 9 ہزار 500 زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 7اکتوبر2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 46ہزار 584 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 9 ہزار 731 زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک کیپٹن سمیت 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی صبح شمالی غزہ میں ہونے والے اس حملے میں 10 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔
7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک 850 سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
اُدھرپیر کو اسرائیل کے مختلف علاقوں میں جنگی سائرن بجنا شروع ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنگی سائرن یمن سے داغے گئے میزائل کے اسرائیلی حدود کے قریب پہنچنے پر بجائے گئے۔
اسرائیل نے اپنے دفاعی نظام کے ذریعے میزائل کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، میزائل حملے کے بعد اسرائیل کے بن گورین ائیرپورٹ پر آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی کوشش کے لیے درجنوں ممالک اپنے مندوب بدھ کے روز ناروے بھیجیں گے، میٹنگ میں 80 سے زیادہ ملکوں اور اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے، اسرائیلی وفد کا اعلان نہیں کیا گیا۔