بھارتی کرکٹ ٹیم کی پے در پے شکست کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی کرسی خطرے میں پڑ گئی۔
گوتم گمبھیر نے گزشتہ سال جولائی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا عہدہ سنبھالا اور تب سے بھارتی ٹیم 10 میں سے 6 ٹیسٹ میچز اور سری لنکا میں ایک ون ڈے سیریز ہار چکی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں حیران کن وائٹ واش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے شکست کے بعد جہاں ویرات کوہلی اور روہت شرما کا انٹرنیشنل کیریئر غیر یقینی کا شکار ہے وہیں ہیڈ کوچ گمبھیر کی پوزیشن بھی اب کچھ حد تک غیر مستحکم ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتا تو ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی بحیثیت کوچ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کا گوتم گمبھیر سے معاہدہ 2027 ورلڈ کپ تک ہے لیکن حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
بی سی سی آئی ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ اب تک گمبھیر نے کوئی ٹھوس نتائج نہیں دیے ہیں، اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی میں اچھا نہ کھیل پایا تو ہیڈ کوچ کی کارکردگی کا ایک بار پھر قریب سے جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گمبھیر کئی سالوں سے رائج سپر اسٹار کلچر کو ختم کرنا چاہتے ہیں، وہ بھارتی ٹیم میں بھی سپر اسٹار کلچر کو ختم کرنے کے لیے آئے ہیں اور یہی چیز کچھ کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہے، خیال کیا جارہا ہے کہ گمبھیر اور سینیئر کھلاڑی ٹیم کلچر کے معاملے پر ایک پیج پر نہیں ہیں۔
دوسری جانب روزنامہ جاگرن کی تازہ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی حکام، کپتان روہت شرما، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت آگرکر کے درمیان ہونے والی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی بیویوں کو بین الاقوامی دوروں پر ان کے ہمراہ مکمل طور پر رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق45 دن سے زیادہ چلنے والے ٹورنامنٹ یا سیریز کے لیے اہلیہ کھلاڑی کے ساتھ صرف 14 دن رہ سکتی ہے تاہم مختصر دوروں کے لیے قیام کی حد کو کم کر کے صرف 7 دن کر دیا جائے گا۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمام بھارتی کھلاڑیوں کو ٹیم بس میں سفر کرنا ہوگا، پچھلے کچھ سالوں میں بہت سے کھلاڑی تنہا سفر کرنے کو ترجیح دیتے رہے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔