سیف علی خان پر حملہ، ایک شخص زیرِ حراست: ’حملہ آور نے ایک کروڑ مانگے، اُس کے ایک ہاتھ میں لکڑی کی کوئی چیز، دوسرے میں بلیڈ والا چاقو تھا‘

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ممبئی پولیس نے اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملے کے معاملے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ممبئی پولیس نے اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملے کے معاملے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ آیا حراست میں لیا گیا شخص وہی ہے جو بدھ کو رات گئے باندرہ کے علاقے میں واقع سیف علی خان کی رہائش گاہ میں داخل ہوا تھا اور اس سے مڈبھیڑ کے دوران سیف علی خان زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے سیف علی خان کی رہائش گاہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور چوری کی نیت سے ہی آیا تھا۔

حملہ آور سے ہاتھا پائی کے دوران سیف علی خان کو چھ زخم لگے تھے جن میں ان کی ریڑھ کی ہڈی اور گردن پر گہرے زخم بھی شامل تھے۔

اس واقعے کے بعد سیف علی خان کو لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔

بی بی سی نے سیف علی خان کے گھر میں کام کرنے والی ایک نرس کی طرف سے پولیس کو دیے گئے بیان تک رسائی حاصل کی ہے، جس میں واقعے کی رات کو پیش آنے والے واقعات کے بارے میں کچھ تفصیلات دی گئی ہیں۔

سیف علی خان کے چھوٹے بیٹے جیہہ کی دیکھ بھال پر مامور ایلیاما فلپ نے اپنے بیان میں کہا کہ انھوں نے سب سے پہلے رات گئے باتھ روم کے دروازے کے قریب ایک آدمی کا سایہ دیکھا جب وہ آیا کے ساتھ بچے کے کمرے میں تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس شخص کے ایک ہاتھ میں لکڑی کی کوئی چیز اور دوسرے ہاتھ میں ایک لمبا تیز دھار بلیڈ والا چاقو تھا اور اس نے انھیں اور آیا کو دھمکایا اور خاموش رہنے کو کہا۔

ایلیما فلپ کے مطابق مذکورہ شخص ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔

نرس کے مطابق اسی دوران وہاں جھگڑا شروع ہو گیا جس کے دوران وہ خود زخمی ہوئیں جبکہ اسی دوران بچے کی آیا کمرے سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئی۔

نرس کے بیان کے مطابق ہنگامہ آرائی کی آواز سن کر سیف علی خان اور ان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور جیہہ کے کمرے کی طرف آئے اور جب حملہ آور کا سیف علی خان سے آمنا سامنا ہوا تو اس نے اداکار پر چاقو سے حملہ کیا اور پھر فرار ہو گیا۔

سیف علی خان
Getty Images

لیلاوتی ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر نیرج اتامانی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’سیف کی کمر کے اوپری حصے سے چاقو کا 2.5 انچ کا ایک ٹکڑا نکال دیا گیا۔‘

جمعرات کو سیف علی خان کی سرجری کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لیلاوتی ہسپتال کے ڈاکٹر نتن ڈانگے نے بتایا تھا کہ اداکار کی کمر کے اوپری حصے میں چاقو پیوست ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے۔

’ان کے جسم سے چاقو کا بلیڈ نکالنے کے لیے سرجری کی گئی۔ ان کے بائیں ہاتھ اور گردن پر دو گہرے زخموں کا علاج پلاسٹک سرجری ٹیم نے کیا۔‘

جمعے کو ڈاکٹر ڈانگے نے ایک بیان میں کہا کہ سیف علی خان کی حالت ’اب بہتر ہے‘۔ ان کے مطابق سیف اب چہل قدمی کر رہے ہیں لیکن انھیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا۔

’ہم نے انھیں چلنے کو کہا اور انھوں نے اچھے طریقے سے چہل قدمی کی۔ ان کے زخموں کی حالت دیکھتے ہوئے انھیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ سے منتقل کر دیا گیا لیکن انھیں احتیاط کرنا ہو گی۔ انھیں آرام کرنا ہے اور ایک ہفتے کے لیے ان کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے‘۔

ممبئی پولیس کے ڈپٹی کمشنر ڈکشٹ گڈم نے کہا کہ حملے میں استعمال ہونے والا ہتھیار نہیں ملا اور انھوں نے نرس کے بیان کی بنیاد پر شکایت درج کر لی ہے۔

ممبئی کے ایک ہائی سکیورٹی رہائشی علاقے میں اس طرح کی واردات کے بعد کئی ایسے سوالات ہیں جن کا جواب ابھی باقی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ’ملزم نے رہائش گاہ میں داخل ہونے کے لیے آگ لگنے کی صورت میں نکلنے کے لیے نصب سیڑھی کا استعمال کیا۔‘

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ’اس بات کا تعین کرنے کے لیے کہ تفتیش جاری ہے کہ گھر کا دروازہ کیسے کھلا اور حملہ آور نے رہائش گاہ تک کیسے رسائی حاصل کی۔‘

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے جوائنٹ کمشنر (لا اینڈ آرڈر) ستیہ نارائن چودھری کے حوالے سے جمعرات کو بتایا تھا کہ ممبئی پولیس نے حملہ آور کو پکڑنے کے لیے 20 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

پولیس نے اس معاملے میں سیف علی خان کے عملے کے کچھ ارکان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تفتیش کار یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا ان کا کوئی جاننے والا اس واقعے میں ملوث تھا، جس کی مدد سے حملہ آور آسانی سے گھر میں داخل ہوا۔

اس بات کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے کہ گھسنے والے کو سی سی ٹی وی میں دیکھا گیا تھا لیکن وہ گھر کے باہر نصب دیگر سکیورٹی کیمروں میں نظر آئے بغیر کیسے فرار ہو گیا جن میں عمارت کے مرکزی دروازے پر نصب کیمرہ بھی شامل ہے۔

باندرہ
Getty Images
سیف علی خان اور کرینہ کپور باندرہ کی اس عمارت میں رہائش پذیر ہیں

ممبئی کے مغربی حصے میں واقع باندرہ ایک مشہور اور متمول آبادی والا علاقہ ہے۔ یہاں کے باندرہ بینڈ سٹینڈ اورکارٹر روڈ کو ایک تاریخی مقام کے طور پر جانا جاتا ہے۔

سمندر کے سامنے واقع اس عالیشان علاقے میں آج بھی کئی بڑے فلمی ستارے اور بزنس مین رہتے ہیں۔

باندرہ میں بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان، سلمان خان اور سابق انڈین کرکٹر سچن تندولکر سمیت کئی مشہور شخصیت کے گھر ہیں۔

سیف علی خان
Getty Images

سیف علی خان کون ہیں؟

سیف علی خان 16 اگست 1970 کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے۔ وہ انڈیا میں شاہی پٹودی خاندان کے سربراہ ہیں۔ ان کے والد پٹودی خاندان کے وارث اور انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی ہیں اور ان کی والدہ بالی وڈ کی ماضی کی اداکارہ شرمیلا ٹیگور ہیں۔

سیف علی خان نے نوے کی دہائی میں بالی وڈ اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی اور بعد ازاں سنہ 2004 میں انھیں طلاق دے دی۔ ان میں سے ان کا ایک بیٹا ابراہیم علی خان اور بیٹی سارہ علی خان ہیں۔

سنہ 2012 میں سیف نے کرینہ کپور سے شادی کی۔ اس جوڑے کے دو بچے آٹھ سالہ تیمور علی خان اور چار سالہ جیہ ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.