ملتان ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل، ویسٹ انڈیز کے6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

image

ملتان ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ دوسری اننگز میں پر اعتماد آغاز کے بعد پھر لڑکھڑا گئی، 159 رنز پر6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کے اوپنرز نے مشکل بیٹنگ وکٹ پر 50 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

کپتان کریگ بریتھویٹ نے مشکل وکٹ پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عامر جنگو نے بھی تیس رنز بنائے تاہم اس کے بعد نعمان علی نے 4 وکٹیں لے کر میچ دلچسپ بنادیا۔

ویسٹ انڈیز نے کھانے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 129 رنز بنا لیے اوراسے مجموعی طور پر پاکستان پر 138 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے 163 رنز کے جواب میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، محمد رضوان 49 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے تھے جبکہ 32 رنز بنانے والے سعود شکیل کے علاوہ کوئی اور بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا تھا۔

کپتان شان مسعود 15، محمد ہریرہ 9، بابر اعظم ایک اور کامران غلام 16 رنز بناسکے تھے جبکہ سلمان علی آغا 9، نعمان علی صفر، ابرار احمد 2 اور کاشف علی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے تھے جبکہ ساجد خان 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل وریکن نے 4، گداکیش موتی نے 3 اور کیمرروش نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ہوگیا تھا اور 54 کے مجموعی اسکور پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے تاہم نویں نمبر پر آنے والے گداکیش موتی کی عمدہ نصف سنچری اور کیمرروش اور جومل وریکن کی ذمے دارانہ بلے بازی کے نتیجے میں مہمان ٹیم 163 رنز کا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت 6 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ساجد خان 2 اور ڈیبو کرنے والے کاشف علی ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے۔

اس سے قبل ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی جب کہ انگلینڈ کے خلاف 2 فتوحات کے بعد قومی ٹیم کی ہوم گراؤنڈ پر یہ مسلسل تیسری فتح تھی۔

تاہم، اس فتح کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستان نے تیسرے ہی روز فتح سمیٹ لی، قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کو اسپن جال میں پھنسا کر 123 پر ہی قابو کرلیا تھا۔

یوں، قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں منفرد ریکارڈ بناڈالا، یہ میچ پاکستان میں کھیلا جانے والا سب سے چھوٹا ٹیسٹ میچ بن گیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.