شام: کار بم دھماکے میں 14 خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق

image

شام کے شمالی شہر منبج کی نواحی شاہراہ پر کار بم دھماکے میں 14 خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 خواتین زخمی ہوگئیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام کے محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق 14 اور زخمی ہونے والی تمام خواتین کسان تھیں، کسی گروپ نے فوری طور پر کار بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

شام کے سرکاری خبررساں ادارے ’سانا‘ کے مطابق علاقے میں 3 روز میں ہونے والا یہ دوسرا کار بم دھماکا ہے، ہفتے کو منبج کے مرکز میں کیے گئے کار بم دھماکے میں 4 شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہےکہ منبج شہر ترک سرحد کے جنوب میں 30 کلومیٹر کے فاصلے پر دریائے فرات کے مغرب میں واقع ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ہفتے کو شام کے ایک گاؤں میں مسلح افراد نے 10 افراد کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے شام میں انسانی حقوق کے مبصر گروپ کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ شمالی حما کے گاؤں ارزا میں مسلح افراد کے حملے میں 10 شہری مارے گئے۔

مبصر گروپ نے بتایا تھا کہ مسلح افراد نے گاؤں میں گھروں کے دروازوں پر دستک دی پھر سائلینسر سے لیس ہینڈ گن استعمال کرتے ہوئے لوگوں پر گولیاں چلا دیں، جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔

ایک رہائشی نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا تھا کہ 2 گاڑیوں میں 7 بندوق بردار افراد گاؤں میں داخل ہوئے اور ہتھیاروں کے معائنے کے بہانے گھروں کو نشانہ بنایا۔

ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ مسلح افراد نے مردوں کو گھروں سے باہر نکالا اور پہلے انہیں زبردستی گھٹنوں کے بل بیٹھنے پر مجبور کیا اور پھر بے رحمی سے قتل کر دیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.