بالی وڈ کے سپرسٹار سلمان خان جہاں اپنی فلموں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے ہیں، وہیں فلمی سیٹ پر اُن کے قصے بھی خوب وائرل ہوتے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ ہدایتکار جوڑی رادھیکا راؤ اور وِنے سپرُو نے سنایا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق رادھیکا راؤ اور وِنے سپرُو نے فلم نگری میں ہدایت کاری کا آغاز ’لکی نو ٹائم فار لوو‘ سے کیا جس کی مرکزی کاسٹ میں سلمان خان شامل تھے۔
ایم کے ٹاکز سے بات کرتے ہوئے رادھیکا راؤ اور وِنے سپرُو نے ایک فلم کے سیٹ پر سلمان خان کے بڑے پن کا واقعہ سنایا۔
وِنے سپرُو نے روس میں فلم لکی نو ٹائم فار لوو کی شوٹنگ کے دوران کا واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ’آدھا کریو (فلم کریو) روسی تھا اور آدھا انڈین تھا۔ ہم نے سلمان صاحب کے لیے سپیشل ڈریس وومن ہائر کی جو اُن کے کاسٹیوم کی دیکھ بھال کرتی تھی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’وہ 65 سال کی صحت مند روسی خاتون تھیں۔ وہ سلمان خان کو سیٹ پر ڈانٹ بھی دیتی تھیں اور سلمان اتنے بڑے سٹار ہونے کے باوجود ہنستے رہتے تھے۔‘
ہدایتکار نے مزید بتایا کہ ’ایک دن وہ روتے ہوئے سیٹ پر آئی، جس پر ہم نے اُن سے پوچھا آپ کیوں رو رہی ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے یہ لفافہ سلمان نے دیا ہے۔ وہ اتنا رو رہی تھیں کہ شاید مجھے تین چار سال تک کچھ نہ کرنا پڑے۔ وہ انہیں شکریہ بھی نہیں کہہ پائیں۔ وہ (سلمان خان) انسان ہی کچھ اور لیول کے ہیں۔‘
فلم میکر نے مزید انکشاف کیا کہ سلمان خان نے روسی خاتون کو 10 ہزار ڈالر دیے تھے۔
رادھیکا نے انکشاف کیا کہ سلمان نے 10 ہزار ڈالر کا لفافہ خاتون کو خود نہیں دیا بلکہ جب انہیں رقم ملی تو سلمان خان شوٹنگ مکمل کر کے روس سے جا چکے تھے۔
خیال رہے کہ ونے سپُرو اور رادھیکا راؤ کی فلم ’صنم تیری قسم‘ دوبارہ سے سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی ہے۔
صنم تیری قسم نے اپنی ری ریلیز کے بعد 45 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔