پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی پولیس نے ’علما کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر‘ بنوں کے ایک شہری کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
یکم مارچ کو دکھنے والے چاند کی تصویرپاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی پولیس نے ’علما کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر‘ بنوں کے ایک شہری کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس شہری نے مبینہ طور پر رمضان کے چاند کا اعلان نہ کرنے پر علما پر تنقید کی تھی اور اس حوالے سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔
واقعے کی ایف آئی آر بنوں کے سٹی پولیس سٹیشن میں مولانا عبد الغفار قریشی کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔
شکایت کنندہ مولانا عبدالغفار کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں ایک شخص ’پاکستان کے علما کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہا تھا اور انھیں گالیاں نکال رہا تھا۔‘
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ویڈیو بنانے والا شخص ’دعویٰ کر رہا تھا کہ اس نے رمضان کا چاند دیکھا تھا اور وہ اسے دو دن کا لگ رہا تھا اور پاکستان اور بنوں کے علما نے لوگوں سے ایک دن کا روزہ نہیں رکھوایا۔‘
مولانا عبدالغفار نے الزام لگایا کہ ویڈیو بنانے والے نے ’شعائر اسلام اور علما کی توہین کی ہے۔‘
پولیس نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کی شق 11 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پیکا کے سیکشن 11 کا تعلق نفرت انگیز مواد سے ہے۔
تھانہ سٹی کے ایس ایچ او ظہیر خان نے بی بی سی کے نامہ نگار عزیزاللہ خان کو بتایا کہ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے لیکن تاحال گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملزم نے علما کے بارے میں غلط زبان استعمال کی تھی جس پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایس ایچ او ظہیر خان کا کہنا تھا کہ انھیں اس بارے میں اطلاع نہیں کہ ملزم نے ضمانت قبل از گرفتاری کروائی ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ اس سال پاکستان میں رمضان کا آغاز 2 مارچ کو ہوا ہے۔ 28 فروری کو پاکستان میں رمضان کا چاند دیکھنے سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔
اس حوالے سے کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں ماہ رمضان کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا ملک میں پہلا روزہ دو مارچ بروز اتوار کو ہو گا۔
اس اجلاس میں علما کرام کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات کے افسران بھی شریک تھے۔ محکمہ موسمیات کا بھی کہنا تھا کہ 28 فروری کو ملک میں رمضان کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
’30 کا چاند دو دن کا ہی ہوتا ہے‘
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے لوگوں میں ملے جلے رجحانات پائے جاتے ہیں۔
جہاں کئی افراد یہ دعوی کرتے نظر آئے کہ حکومت نے چاند کا اعلان ایک دن تاخیر سے کیا ہے وہیں کئی لوگوں کے خیال میں رویت ہلال کمیٹی نے چاند کا صحیح اعلان کیا ہے۔
اشرف علی خان نامی صارف کا کہنا تھا کہ حق و سچ کی بات کرنے پر مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’بندہ اپنے دل کی بات بھی نہیں کر سکتا۔‘
دوسری جانب شفاقت جدون نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ جو لوگ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ چاند دو دن کا ہے، کیا انھوں نے پہلے دن [کا چاند] دیکھا ہے؟
محمد خالد میمن نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’30 کا چاند دو دن کا ہی ہوتا ہے۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ کیا تنقید کرنے والوں میں سے کسی نے خود چاند دیکھا تھا۔
احمد ادریس نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’بھائی پہلی کا ہے یا دوسری کا، ریاست جو فیصلہ کرے گی اسی مطابق چلنا پڑتا ہے۔ اتنے علما کرام بیٹھے ہیں، ان کو کیا تکلیف ہے آپکا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھائیں۔‘
چاند کی ’پیدائش‘ کے حوالے سے سائنس کیا کہتی ہے؟
ہلال (پہلی تاریخ کا چاند) کے ظاہر ہونے کا وقت کیا ہوتا ہے اور یہ آسمان پر کتنی دیر تک نظر آتا ہے اس بارے میں سنہ 2023 میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ زمین اور سورج یوں تو اپنے اپنے مدار کے گرد چکر لگا رہے ہوتے ہیں تاہم ہر ماہ کے آخر میں یہ ایک لائن میں آتے ہیں جس کو ’کنجیکشن‘ کہا جاتا ہے اور یہی وقت چاند کی پیدائش کا کہا جاتا ہے۔
ڈاکٹر سرفراز کے مطابق ہر ماہ میں پہلی کے چاند کا دورانیہ قدرے مختلف ہوتا ہے تاہم مارچ اپریل میں چاند تقریباً 40 منٹ تک دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر سرفراز کے مطابق چاند کی پیدائش اور اس کی عمر کے علاوہ تیسری چیز چاند کا زاویہ (اینگل) ہے۔
محکمہ موسمیات کا ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر ہر سال چاند کی رویت کا کیلنڈر ترتیب دیتا ہے.
پی ایم ڈی کی جانب سے جاری کیلنڈر مطابق اس سال (1446 ھجری) رمضان کے چاند کی پیدائش 28 فروری کو صبح پانچ بج کر 45 منٹ ہوئی اور اس روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 13 گھنٹوں سے کم تھی۔
سائنس کے مطابق نئے چاند کی پیدائش کے 16 سے 18 گھنٹے کے بعد آپ اس کو باآسانی دیکھ سکتے ہیں۔