ڈیجیٹل ادائیگیوں کی نئی ایپ گوگل والٹ پاکستان میں متعارف

image

انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام ’گوگل والٹ‘ متعارف کرادیا۔

گوگل نے اپنے جاری بیان میں بتایا کہ پاکستانی صارفین 12 مارچ سے گوگل والٹ کو استعمال کر سکتے ہیں، صارفین ایپلی کیشن کو پلے سٹورز سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، گوگل والٹ دراصل ایک ڈیجیٹل بٹوا یا پرس ہے، جس میں ہر صارف مختلف کارڈز اور دستاویزات بھی محفوظ کر سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق گوگل والٹ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں انکرپٹڈ ہوتی ہیں، ہر خریداری کو منفرد کوڈ بھیج کر والٹ کو استعمال کرنے اور پیمنٹ انفارمیشن کو پروسیس کرنے کی سہولت میسر ہوتی ہے۔

گوگل والٹ میں صارفین اپنے بٹوے کی طرح بینک کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹکٹس اور دیگر ڈیجیٹل پاسز محفوظ کر سکتے ہیں، ایپ میں ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انکرپشن اور ڈیوائس سکیورٹی فیچرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لے تو بھی وہ اس کے کسی کام کا نہیں ہوتا کیونکہ اس میں ڈیبیٹ یا کریڈٹ کی تفصیلات موجود نہیں ہوتیں۔

ماسٹر اور ویزا کارڈز کے حامل صارفین اپنے بینکنگ کارڈز کو گوگل والٹ میں شامل کر سکتے ہیں، یہ سہولت ڈیجیٹل بینکنگ اور الیکٹرانک ادائیگیوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

اس حوالے سے پاکستان کے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل ادائیگیوں کا منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور اب لوگ آن لائن ڈیجیٹل ادائیگیوں کو زیادہ ترجیح دینے لگے ہیں، ایسے منظر نامے میں گوگل والٹ ادائیگیوں، خریداری اور کاروبار کا ایک محفوظ، ہموار اور موثر طریقہ فراہم کرتا ہے۔

بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک نور، جاز کیش، ایچ بی ایل، میزان بینک اور یو بی ایل کے کارڈ ہولڈرز اپنے کارڈز کو گوگل والٹ میں شامل کر سکیں گے، جلد ہی صارفین الائیڈ بینک، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک، جے ایس بینک اور زندگی کے کارڈ ہولڈرز گوگل والیٹ میں اپنے کارڈز بھی شامل کر سکیں گے۔


News Source   News Source Text

سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.