بھارتی پنجاب میں پولیس اہلکاروں نے فوج کے حاضر سروس کرنل اور اس کے والد کی درگت بنادی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب کے شہر پٹیالہ میں 13 مارچ کو پارکنگ کے تنازع پر پولیس اہلکاروں نے کرنل پشپندر بھات کو اپنی گاڑی ہٹانے کا کہا جس پر نئی دلی ہیڈ کوارٹر میں تعینات کرنل بھارت نے پولیس اہلکاروں کے لہجے پر اعتراض اٹھایا۔
پولیس اہلکاروں نے بھارتی فوج کے حاضر سروس کرنل کو گاڑی سے اتار کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
وائرل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سادہ کپٹروں میں ملبوس بھارتی پولیس اہلکار کرنل بھارت کو گاڑی سے نیچے اتار کر لاتیں اور تھپڑ مارتے ہیں، پولیس اہلکاروں نے بھارتی فوج کے افسر کے بیٹے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع پر 12 پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔