عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو سزا سنادی گئی

image

گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان پر حملہ کیس میں مرکزی ملزم نوید کو معظم کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت الگ الگ عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے وزیرآباد میں عمران خان حملہ کیس میں جرم ثابت ہونے پرمرکزی ملزم نوید کو 2 دفعات کے تحت عمرقید کی سزا سنائی۔

عدالت نے مرکزی ملزم نوید کو معظم کے قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت الگ الگ عمر قید کی سزا اور 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کی گئی جب کہ 4 زخمیوں کی حد تک ملزم نوید کو 3 سے 5 سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

علاوہ ازیں، اے ٹی سی گوجرانوالہ عدالت نے شریک ملزمان طیب جہانگیر بٹ اور وقاص کو بری کر دیا۔

اس سے قبل، یاد رہے کہ فروری 2023 میں پنجاب کے ضلع گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان پر وزیر آباد پر حملے کے کیس میں نامزد ملزم احسن کی درخواست ضمانت منظور جب کہ وقاص کی درخواست مسترد کردی تھی۔

گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کیس میں نامزد ملزم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکریٹری اطلاعات کے بھائی احسن اور دوسرے ملزم وقاص کی درخواست ضمانت پر سماعت کرکے فیصلہ محفوظ کیا۔

بعد ازاں 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض احسن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جبکہ دوسرے ملزم وقاص کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران پنجاب کے علاقے وزیر آباد میں مسلح شخص کی فائرنگ سے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت متعدد رہنما زخمی اور ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔

بعد ازاں عمران خان کی جانب سے وفاقی وزیرداخلہ سمیت اعلیٰ حکام پر الزامات عائد کیے تھے اور مقدمہ درج کرنے پر تنازع پیدا ہوا تھا تاہم پولیس کی مدعیت میں حملے کا مقدمہ درج کردیا گیا تھا۔

واقعے کی ایف آئی آر 7 نومبر کو درج کی گئی تھی جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت 3 نومبر کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.