باہمی اتفاق تک نہریں نہیں بنے گی،وزیراعلیٰ سندھ

image

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ باہمی اتفاق تک کوئی نہر کا منصوبہ نہیں بنے گا البتہ اگر اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو نہروں کی تعمیر پر غور کیا جا سکتا ہے۔

مشترکہ مفادات کونسل ( سی سی آئی ) کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نہروں کے تنازع کے حل پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اہم معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بلاول بھٹو اور وزیراعظم کی ملاقات میں وہ خود موجود تھے جہاں فیصلہ ہوا کہ جب تک صوبوں کے درمیان باہمی اتفاق نہیں ہوتا، کوئی نئی نہر نہیں بنائی جائے گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی نہر کا منصوبہ آگے نہیں بڑھائے گی اور پانی کے معاہدے 1991 پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ 7 فروری کے ایکنک اجلاس میں نہروں کی منظوری کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے اور پلاننگ ڈویژن اور ایرسا کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نہروں کی اسکیم پر ایک پیسہ خرچ نہیں ہوا اور بغیر فنڈنگ کے نہریں کیسے بن سکتی ہیں؟۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو گمراہ کیا گیا کہ چولستان کینال بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو اس معاملے میں غیر ضروری طور پر گھسیٹا گیا حالانکہ انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں واضح کیا تھا کہ بغیر اتفاق کے کوئی فیصلہ تسلیم نہیں کیا جائے گا، صدر کی وضاحت کے باوجود کچھ حلقوں نے بدنیتی سے ملائن کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے زور دیا کہ سی سی آئی نے پہلی بار کوئی منصوبہ واپس بھیجا جو ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے دھرنے والوں سے فوری طور پر احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ سندھ حکومت نے دھرنے والوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ نہروں کا معاملہ پہلے ہی حل ہو چکا تھا اور پانی کے معاہدے کے مطابق صوبوں کو ان کا جائز حصہ ملنا چاہیے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ باہمی اتفاق تک کوئی نہر کا منصوبہ نہیں بنے گا البتہ اگر اتفاق رائے ہو جاتا ہے تو نہروں کی تعمیر پر غور کیا جا سکتا ہے۔

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts