بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر حملے کرکے بچوں سمیت 26 شہریوں کو شہید کرنے پر جشن منانے والے بھارتی فنکاروں پر پاکستانی شوبز شخصیات نے اظہار برہمی کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بھارت کی متعدد شوبز شخصیات نے بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی شہروں پر حملوں اور ان میں 26 معصوم شہریوں کی شہادت پر جشن مناتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹس میں اپنی فوج کی بہادری کی تعریفیں کی تھیں۔ اکشے کمار سے لے کر کاجول تک، اجے دیوگن سے لے کر سدھارتھ ملہوترا، کنگنا رناوٹ سے لے کر انوپم کھیر اور یہاں تک کہ عدنان سمیع خان نے بھی بھارتی حملوں کو بھارت کی کامیابی قرار دیتے ہوئے پاکستان پر حملوں پر فخر کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان پر حملوں پر جشن منانے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے بولی وڈ شخصیات کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں شرم دلانے کی کوشش کی اور ساتھ ہی انہیں انسانیت کا درس بھی دیا۔
فیصل قریشی نے اپنی ویڈیو میں بھارتی اداکاروں کی جانب سے بھارتی فوج کے حملوں پر جشن منانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بولی وڈ اداکار مجبور ہیں، ان بیچاروں کو جو کچھ لکھنے کا کہا جاتا ہے، وہ اس پر عمل کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کے باوجود بولی وڈ شخصیات کو کچھ اپنا عقل بھی استعمال کرنا چاہیے تھا، انہیں کچھ شرم آنی چاہیے تھی اور بھارتی فوج کے حملوں میں بچوں کی شہادت پر بات کرنی چاہیے تھی۔
فیصل قریشی نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے شہادت بہت بڑا رتبہ ہوتا ہے لیکن بچوں کو مارنا اور ان پر حملے کرنا کوئی قانون اور انسانیت نہیں، بھارتی اداکاروں، حکومت اور فوج کو شرم آنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شوبز شخصیات نے پہلگام حملے کی مذمت کی تھی اور معصوم انسانوں کی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام شواہد کے بغیر پاکستان پر لگایا اور ان کے پاس کوئی ثبوت ہیں، نہ زندگی بھر اسے کوئی شواہد مل سکیں گے۔
ان کی طرح عروہ حسین نے بھی بھارتی شوبز شخصیات کی جانب سے پاکستان پر بھارتی حملوں پر جشن منانے والی شوبز شخصیات کے رویے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کسی بھی پاکستانی شوبز شخصیت نے پہلگام واقعے پر خوشی کا اظہار نہیں کیا تھا، ہر کسی نے اظہار افسوس کیا تھا لیکن بھارتی اداکار پاکستان پر حملوں پر جشن منا رہے ہیں۔ ساتھ ہی اداکارہ نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارتی اداکاروں کی فلمیں دیکھنا بند کریں، وہ پاکستان کے معصوم بچوں کے قتل پر جشن مناتے ہیں۔
عروہ حسین نے لکھا کہ بھارت اپنی فلموں کے ذریعے پاکستان کو دنیا بھر میں خراب ریاست کے طور پر دکھانے کا پروپیگنڈا بھی کرتا ہے، اس لیے اب بھارتی فلموں کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔
اداکارہ حنا الطاف نے بھی بھارتی شوبز شخصیات کی جانب سے پاکستان پر بھارت کے حملوں پر جشن منانے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان اور پاکستانیوں نے بھارت میں ہونے والے واقعات پر اظہار افسوس کیا لیکن اب بھارتی شوبز شخصیات جشن منا رہی ہیں۔ انہوں نے بھی مداحوں سے اپیل کی کہ وہ تمام بھارتی اداکاروں کو سوشل میڈیا پر ان فالو کریں، ان کے یوٹیوب چینلز کو ان سبسکرائب کریں۔
عروہ حسین اور حنا الطاف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملوں کو انڈیا کی کامیابی قرار دینے والے بولی وڈ اداکاروں کی سوشل میڈیا پوسٹس کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔ ابھرتے ہوئے اداکار ثمر جعفری نے بھی پاکستان پر ہونے والے بھارتی حملے پر جشن منانے والے بھارتی اداکاروں کے رویے پر اظہار افسوس کیا۔ ثمر جعفری نے لکھا کہ پاکستان پر بھارتی حملے پر جشن منانے والے بولی وڈ اداکار دراصل بھارت کی بربریت اور جارحیت کو سپورٹ کر رہے ہیں، جس میں معصوم بچوں اور خواتین کو بھی شہید کیا جا رہا ہے۔ دیگر شوبز شخصیات نے بھی بھارتی اداکاروں کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی جانب سے پاکستانی حملے کا جشن منانے پر اظہار برہمی کیا۔
گلوکار حسن رحیم نے بھی اپنی ویڈیو میں ان بھارتی شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنایا، جنہوں نے پاکستان پر حملے پر جشن منایا۔ حسن رحیم نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ بھارتی حملوں میں معصوم بچے سمیت عام شہریوں کو شہید کیا گیا اور بھارتی شوبز شخصیات بچوں کی شہادت پر جشن منا رہے ہیں۔ گلوکار نے بھارتی شوبز شخصیات کو آڑے ہاتھوں لیا اور یہ بھی کہا کہ پاکستانیوں نے پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کیا تھا لیکن بھارتیوں نے بچوں کی شہادت پر جشن منایا۔