پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انڈین پریمئر لیگ ایک ہفتے کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔
جمعہ کے روز آئی پی ایل کی ویب سائٹ پر جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے آئی پی ایل کو فوری طور پر ایک ہفتے کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول اور مقامات کے بارے میں مزید اپ ڈیٹس کا اعلان متعلقہ حکام اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور صورت حال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ یہ فیصلہ آئی پی ایل گورننگ کونسل نے تمام اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا ہے جس میں زیادہ تر فرنچائزز کی طرف سے نمائندگی کی گئی ہے۔ فرنچائز مالکان نے کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور فینز کے تاثرات سے بھی آگاہ کیا۔
کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ پیشرفت گزشتہ روز پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ کو پہلی اننگز کے وسط میں ترک کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔
دھرم شالہ کے ایئرپورٹ اور قریبی علاقوں کے بند ہونے کے بعد پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے کھلاڑی اور معاون عملہ جمعہ کی صبح آئی پی ایل کے زیر اہتمام ایک خصوصی ٹرین کے ذریعے دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔
آئی پی ایل 2025 میں فی الحال 58 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں دھرم شالہ کا منسوخ شدہ میچ بھی شامل ہے۔ گروپ مرحلے میں 12 میچز باقی ہیں جن میں لکھنؤ کے 2، حیدرآباد، احمد آباد تین، دہلی، چنئی، بنگلور 2، ممبئی، جے پور میں شیڈول ہیں۔ اس کے بعد پلے آف، حیدرآباد اور کولکتہ میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے جمعہ کے روز پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بھی ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’بی سی سی آئی کے مطابق انڈیا اور پاکستان کے تنازع کی وجہ سے آئی پی ایل غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
آئی پی ایل دوبارہ کب شروع ہو سکتا ہے؟
کرک انفو کے مطابق آئی پی ایل نے ابھی باقی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے متبادل ونڈو تلاش کرنے پر کام کرنا ہے۔ فی الحال ایک ممکنہ ونڈو ستمبر میں موجود ہے جب اندین ٹیم کی کوئی دو طرفہ مصروفیت نہیں ہے۔ لیکن یہ وہ ونڈو بھی ہے جس میں ایشیا کپ کو سلاٹ کیا گیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ دبئی منتقلدوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کے روز طویل مشاورت کے بعد تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے باقی آٹھ میچز انڈیا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیے گئے ہیں۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے باقی ماندہ میچز یو اے ای منتقل کر دیے گئے ہیں۔