”پاکستانی اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لیے تیار ہیں، ہم نے کبھی صرف وردی کو ہتھیار نہیں سمجھا ۔ یہ جذبہ ہماری رگوں میں دوڑتا ہے۔ آج میں اپنے وردی والے بھائی کے ساتھ کھڑا ہوں، کیونکہ جب وطن کا سوال ہو، تو ہر پاکستانی سپاہی ہوتا ہے۔“
یہ الفاظ ہیں اس عام شہری کے جو اب غیر معمولی حوصلے کی علامت بن چکا ہے۔ لاہور کے علاقے برکی میں ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والا شہری ایک فوجی کے ساتھ کھڑا دشمن کا ڈرون گرا رہا ہے، اور اسی لمحے وہ پوری قوم کا ہیرو بن گیا۔
گزشتہ دو روز سے بھارتی ڈرونز پاکستانی فضاؤں میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے، مگر ہر بار ہماری سرزمین کے سپاہیوں، وردی میں بھی اور بغیر وردی کے بھی نے انہیں ناکام بنایا۔ چاہے سیالکوٹ ہو، لاہور ہو یا نارنگ منڈی، پاکستانی عوام نے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ یہاں ہر فرد محافظ ہے۔
جب پاکستان نے دشمن کی جارحیت کے جواب میں "آپریشن بنیان مرصوص" کا آغاز کیا، تو یہ صرف فوجی آپریشن نہیں رہا یہ پوری قوم کی آواز بن گیا۔ اس آپریشن میں جہاں پاک فوج نے دشمن کے ہتھیاروں کو نشانہ بنایا، وہیں عوام نے بھی اپنی حب الوطنی کا لوہا منوایا۔
اس ویڈیو پر تبصرے کرنے والے صارفین نے دل کھول کر اس نوجوان کی تعریف کی۔
”یہ ہے اصل پاکستان — جہاں ہر شہری سپاہی ہے“۔
بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبریں پاکستانی عزم کو کمزور نہیں کر سکیں۔ جب قوم کا ہر فرد چٹان بن جائے، تو کوئی دشمن مقابلہ نہیں کر سکتا۔