گوگل کی جانب سے گوگل سرچ انجن کے لیے ایک بہترین آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹول متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سمپل فائی نامی یہ ٹول ویب پر موجود پیچیدہ تفصیلات کو آسانی سے سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا۔ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے گوگل ایپ میں اس نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس فیچر کے تحت اگر آپ کسی ایسے ٹیکسٹ کو پڑھتے ہیں جس کی تکنیکی تفصیلات سمجھ نہیں آتیں تو اسے سلیکٹ کریں جس پر مور ایکشنز پینل میں سمپل فائی آپشن نظر آئے گا۔ اس آپشن پر کلک کرنے پر سلیکٹ کردہ ٹیکسٹ کا ایک نیا اور سادہ ورژن نظر آئے گا جس کو سمجھنا زیادہ آسان ہوگا۔
یہ نیا فیچر جیمنائی اے آئی ماڈل پر مبنی ہے اور ٹیکسٹ کے آسان ورژن میں خیال رکھا جائے گا کہ اوریجنل ٹیکسٹ کا مفہوم متاثر نہ ہو بلکہ اسے سمجھنا آسان ہو۔ گوگل کی جانب سے اس فیچر کے حوالے سے ایک تحقیق بھی کی گئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ٹیکسٹ کو آسان بنانے سے لوگوں کو اصل مفہوم کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس فیچر کے ذریعے پیچیدہ طبی تحقیق، بائیولوجی، قانون، معیشت، ادب، فلسفے، ایرو اسپیس اور کمپیوٹر سائنس جیسے شعبوں کی تفصیلات کو آسان فہم بنانا ممکن ہوگا۔