انڈین شہری ترکیہ اور آذربائیجان کے ٹکٹ منسوخ کیوں کروا رہے ہیں؟

image
گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے اںڈیا کے شہری ترکیہ اور آذربائیجان کے مختلف سیاحتی مقامات کے ٹکٹ منسوخ کروا رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو انڈیا کی دو بکنگ فرمز نے بتایا کہ ٹکٹوں کی منسوخی کی وجہ چند دن قبل انڈیا اور پاکستان کے درمیان تنازع کے دوران ترکیہ اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی حمایت کرنا ہے۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان 22 اپریل کو کشمیر کے علاقے پہلگام میں نامعلوم عسکریت پسندوں کی جانب سے 26 سیاحوں کے قتل کے بعد سے تعلقات سخت کشیدہ ہیں۔

پاکستان نے تسلسل کے ساتھ ان حملوں میں اپنے ملوث ہونے کے انڈین حکومت کے الزامات کو مسترد کیا لیکن گزشتہ ہفتے اںڈیا نے پاکستان میں مختف مقامات پر میزائل حملے کر دیے۔

اس وقت انڈیا نے موقف اپنایا کہ ’صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا‘ گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے جوابی حملوں کے بعد بالآخر سنیچر کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا تھا۔

ترکیہ اور آذربائیجان انڈین شہریوں کے لیے مناسب بجٹ کے مقبول ترین سیاحتی ممالک ہیں۔

انڈیا کے پاکستان پر حملوں کے بعد ان ممالک نے پاکستان کے حق میں بیانات جاری کیے تھے۔

پاکستان انڈیا کشیدگی کے دوران آذربائیجان نے بھی پاکستان کی حمایت کی تھی (فائل فوٹو: اے این آئی)

’میک مائی ٹرپ‘ نامی ایک کمپنی کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ ’گزشتہ ہفتے ترکیہ اور آذربائیجان کے لیے بُکنگ میں 60 فیصد کمی ہوئی جبکہ اسی دورانیے میں ٹکٹوں کی منسوخی کی شرح 250 فیصد تک پہنچ گئی۔‘

ایک اور کمپنی ’ایز مائی ٹرپ‘ کے چیف ایگزیکٹو رکانت پِٹی نے بتایا کہ ’جیوپولیٹکل حالات کی وجہ سے‘ ان کی کمپنی میں ترکیہ کے ٹکٹوں کی منسوخی کی شرح میں 22 فیصد جب کہ آذربائیجان کے ٹکٹوں کی منسوخی کی شرح 30 فیصد رہی۔

سفری ٹکٹوں کا کاروبار کرنے والے پلیٹ فارم ’ایکسیگو‘ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ ترکیہ، آذربائیجان اور چین کے لیے اپنی پروازیں اور ہوٹل بکنگ بند کر رہے ہیں۔

’ایز مائی ٹرپ‘ کے بانی اور چیئرمین نشانت پِٹی نے بتایا کہ گزشتہ برس 2 لاکھ 87 ہزار انڈین شہری ترکیہ اور 2 لاکھ 43 ہزار آذربائیجان گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’جب یہ ممالک کھلے عام پاکستان کی حمایت کرتے ہیں تو ہم کیوں ان کی سیاحتی انڈسٹری اور معیشت میں اپنا حصہ شامل کریں۔‘

کچھ انڈین تاجروں نے ترکیہ کے سیبوں اور سنگ مرمر کا بائیکاٹ کیا ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

دوسری جانب این ڈی ٹی وی نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ انڈین تاجر ان ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کر رہے ہیں۔

کچھ تاجروں نے ترکیہ کے سیبوں اور سنگ مرمر کا بائیکاٹ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ترکیہ میں انڈین شہریوں کی تعداد لگ بھگ تین لاکھ ہے جن میں 200 طلبہ بھی شامل ہیں جبکہ آذربائیجان میں 1500 کے قریب انڈین شہری مقیم ہیں۔

ترکیہ اور آذربائیجان انڈین شہریوں کے لیے مناسب بجٹ کے مقبول ترین سیاحتی ممالک ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)

انڈیا ان دونوں ممالک سے کئی طرح کی اشیاء درآمد کرتا ہے جبکہ بہت سی انڈین مصنوعات انہیں برآمد بھی کی جاتی ہیں۔

انڈیا ترکیہ کو مِنرل فیول، آئل، الیکٹرک مشینری، آٹو پارٹس، قدرتی کیمیکلز، ادویات، پلاسٹک، ربڑ، کاٹن، لوہا اور سٹیل وغیرہ برآمد کرتا ہے۔

آذربائیجان انڈیا سے تمباکو اور اس کی مصنوعات، چائے، کافی، سیریلز، کیمیکلز، پلاسٹک، ربڑ، پیپر بورڈ اور برتن سازی سے متعلق مصنوعات درآمد کرتا ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.