امن کو فروغ دینے پر سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں سمیت صدر ٹرمپ کا مشکور ہوں: وزیراعظم

image
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کے ساتھ کشیدگی اور اس کے بعد ہونے والی جنگ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں سمیت صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں۔

جمعے کو اسلام آباد میں جنگ بندی کے بعد یوم تشکر کے حوالے سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں نے ان تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مدد کی اور امن کو فروغ دیا اور جنگ بندی ہوئی۔‘

’میں خاص طور خلیجی برادر ممالک سعودی عرب، یو اے ای، قطر، کویت، ایران، ترکیہ، دوست ملک چین اور جن ممالک کے نام نہیں لیے ان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’سب سے بڑھ کر میں صدر ٹرمپ کی دلیر قیادت اور جنوبی ایشیا میں ان کے امن کے لیے ویژن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کی قیادت کی وجہ سے ایک خطرناک جنگ سے بچاؤ ممکن ہوا۔ اگر اہم اس فلیش پوئنٹ پر پہنچ جاتے اور اگر ایٹمی جنگ چھڑ جاتی تو سوچیں کہ کون یہ بتانے کے لیے بچتا کہ کیا ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ 10 مئی کو افواج پاکستان کے سپہ سالاروں سے ملاقات میں طے پایا کہ جواب دیا جائے گا، کیونکہ دشمن نے آخری حد بھی پار کر دی تھی۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کہا تھا کہ عالمی تحقیقاتی کمیٹی بناتے ہیں جو دنیا کو حقائق بتا دے گی، لیکن دشمن نے ہماری پیشکش کو ٹھکرا دیا اور غرور میں پاکستان پر حملہ کیا اور بے گناہ لوگوں کو شہید کر دیا۔ عورتیں اور بچے شہید ہوئے۔‘

’دشمن نے پاکستان کو پیغام دیا کہ اندر جا کر حملہ کر سکتے ہیں۔ ہم نے چھ جہاز گرائے۔ اس دشمن کے چھ جہاز گرائے جو خود کو جنوبی ایشیا میں تھانیدار سمجھتا تھا۔ ایسا ڈراونا خواب دکھایا جس وہ نکل نہیں سکیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا کہ جواب دیں گے۔ تقریباً رات ڈھائی بجے آرمی چیف نے مجھے فون پر بتایا کہ انڈیا نے ایئربیسز پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجازت دیں کہ ہم دشمن کو جواب دیں۔ پھر آپ نے دیکھا کہ ہم نے پٹھان کوٹ، اودم پور پر اور کئی جگہوں پر حملے کیے۔‘

ان کے مطابق پاکستان کے جواب کے بعد ’جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سیز فائر کی درخواست آ رہی ہے آپ کی کیا رائے ہے۔ میں کہا کہ اسے قبول کریں۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’ایئر چیف اور ان کے شاہینوں نے ٹیکنالوجی سے پوری دنیا کو حیران کیا۔ دشمن کے ہوش اڑ گئے اور دوستوں کا اعتماد بڑھنے لگا۔ ہر جگہ یہ بات ہو رہی ہے کہ پاکستان کی فوج نے کس طرح خاموشی سے یہ ٹیکنالوجی حاصل کی۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’اب دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔‘

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.