اداکارہ، ماڈل و ٹی وی میزبان فضا علی کو اپنے مارننگ شو میں بولڈ لباس پہن کر پروگرام کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
فضا علی نے دو دن قبل ’24 نیوز‘ کے مارننگ شو میں بولڈ اور انتہائی باریک لباس پہنا تھا اور انہوں نے پروگرام کی ویڈیوز کو انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا تھا۔ ان کی جانب سے پہنے گئے لباس پر سوشل میڈیا صارفین نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ٹی وی میزبان کو آڑے ہاتھوں لیا اور بعض افراد نے ان کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال بھی کیا۔
پروگرام کے دوران ان کی جانب سے کتوں کے ہمراہ بنائی گئی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر مداحوں نے ان کے انداز اور لباس کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کے لباس کو انتہائی نامناسب قرار دیتے ہوئے انہیں طعنے بھی دیے کہ وہ ایک طرف پورا سال سر پر دوپٹہ رکھ کر اسلام کا درس دیتی دکھائی دیتی ہیں اور اب اس طرح کا لباس پہن لیا۔
کچھ افراد نے لکھا کہ فضا علی نے ماہ مبارک رمضان المبارک میں پورا مہینہ اسلام کا درس دیا اور اب انہوں نے ایسا لباس پہنا ہے کہ دوسروں کو بھی شرم آ رہی ہے۔ کچھ صارفین نے لکھا کہ فضا علی نے ایسا لباس پہنا ہے، جس سے جسم کے تمام اعضا نظر آ رہے ہیں، انہیں کچھ شرم کرنی چاہیے تھی۔
جہاں صارفین نے ان کے لباس کو نامناسب قرار دیا، وہیں کچھ افراد نے انہیں لباس کو بہتر کرنے کے مشورے بھی دیے کہ وہ مذکورہ لباس کو کس طرح بہتر کر سکتی تھیں۔ بعض صارفین نے انہیں عمر کا طعنہ بھی دیا اور لکھا کہ جب اداکاراؤں کی عمر بڑھنے لگتی ہے تو اس طرح کی حرکتیں کرنے لگتی ہیں۔