اپ ڈیٹ کے لیے آف لائن کیا گیا مشہور گیم فورٹ نائٹ اب ممکنہ طور پر دوبارہ آئی فون پر کبھی دستیاب نہیں ہوگا۔
گیم جمعے کی صبح سرور کی مرمت اور گیم کی تازہ ترین اپ ڈیٹس (جس میں نئی اسٹار وارز پر مبنی تھیمز شامل ہیں) جاری کرنے کے لیے آف لائن کیا گیا تھا۔ لیکن آئی فون پر اب شاید اس کی واپسی ممکن نہیں ہو سکے گی۔
البتہ، دیگر تمام پلیٹ فارم (بشمول پلے اسٹیشن، ایکس باکس اور پی سی) پر یہ گیم جلد ہی آن لائن کر دیا جائے گا۔ گیم بنانے والی کمپنی ایپک گیمز کا کہنا تھا کہ ایپ اسٹور قوانین کی وجہ سے ایپل کے ساتھ چلنے والے تنازع کا مطلب ہے کہ گیم ایپل ڈیوائس پر آف لائن رہے گا۔
ایپل کے پلیٹ فارمز پر فورٹ نائٹ کا اسٹیٹس برسوں سے متنازع رہا ہے۔ 2020 میں ایپک نے آئی فون پر گیمز کے لیے ضروری ایپل کے پے منٹ سسٹم کے استعمال کے قانون کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد اس کو ایپ اسٹور سے ہٹا دیا گیا تھا۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان برسوں سے یہ کھلی جنگ جاری ہے۔ گزشتہ برس یورپی یونین کی جانب سے کی جانے والی قانون سازی کے بعد ایپل کو متبادل ایپ اسٹورز سے صارفین کو ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت دینی پڑی تھی جس کے بعد فورٹ نائٹ دوبارہ آئی فون پر دستیاب ہوا تھا۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان چلنے والے ایک مقدمے کے حالیہ فیصلے کے بعد ایسا معلوم ہوتا تھا کہ گیم یو ایس ایپ اسٹور پر بھی جلد دستیاب ہوگا۔ فیصلے کے نتیجے میں ایپک کو گیم دوبارہ جمع کرانا تھا۔لیکن اب ایپک کا کہنا ہے کہ ایپل گیم کا دوبارہ جمع کرائے جانے کو قبول نہیں کیا ہے۔ یعنی گیم دنیا بھر میں آف لائن کر دیا جائے گا۔