ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حملوں کا نیا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر تبریز اور شیراز کو نشانہ بنایا گیا۔ تبریز میں اسرائیلی حملے کے بعد ایئر پورٹ میں آگ بھی لگ گئی ہے۔ ایران نے پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی بھی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق وہ ایک حساس عسکری مرکز پر اسرائیلی فضائی حملے کے دوران شہید ہوئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے آج صبح ایران کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر فضائی کارروائیاں کیں جن کا ہدف ایرانی جوہری تنصیبات اور اعلیٰ عسکری قیادت تھی۔ ان حملوں میں ایران کے کئی اہم عسکری اور سائنسی شخصیات نشانہ بنیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل حاجی زادے کے ہمراہ ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری، پاسداران کے سربراہ جنرل حسین سلامی، اور ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد بھی حملے میں شہید ہوئے۔ اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس کمانڈ کا بڑا حصہ تباہ کر دیا گیا ہے۔
ادھر ایرانی جوہری پروگرام سے وابستہ چھ سینئر سائنسدانوں کی شہادت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ ان میں احمد رضا ذوالفقاری، ڈاکٹر محمد مہدی تہرانچی، فریدون عباسی، عبدالحمید منوچہر، سید امیر حسین فقیہی اور مطالبی زادہ شامل ہیں۔
ایران کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے نطنز کی حساس جوہری تنصیب کو بھی نشانہ بنایا ہے جہاں شدید نقصان کی اطلاعات ہیں۔