مارکو روبیو کی امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے خلاف ایران کو تنبیہ

image
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کے جواب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ نہ بنائے۔

عرب نیوز کے مطابق مارکو روبیو نے جاری بیان میں کہا کہ ’ہم ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں ہیں اور خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔‘

’میں یہ واضح کر دوں: ایران کو امریکی مفادات اور اس کے اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔‘

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل نے یکطرفہ طور پر یہ قدم اٹھایا ہے کیونکہ اس کے خیال میں اپنے دفاع کے لیے یہ آپریشن ضروری تھا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران پر حملوں کی مخالفت میں بیان کے چند گھنٹوں بعد اسرائیل نے حملہ کیا ہے۔

مارکو روبیو نے اپنے قریبی اتحادی ملک پر تنقید کیے بغیر کہا کہ ’اسرائیل نے ہمیں مشورہ دیا تھا کہ ان کے خیال میں یہ قدم ان کے اپنے دفاع کے لیے ضروری ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’صدر ٹرمپ اور انتظامیہ نے اپنی افواج کے تحفظ اور اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کے لیے تمام اقدامات اٹھا لیے ہیں۔‘

امریکی ٹیلی ویژن چینل سی این این کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کابینہ کا اجلاس طلب کر رہے ہیں۔

امریکی اور ایرانی عہدیداروں سمیت عمانی ثالثوں کے مطابق یورینیم کی افزودگی کے بڑھتے ہوئے پروگرام پر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا چھٹا دور طے تھا۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کو کہا تھا کہ ایران پر اسرائیلی حملہ ’ہو سکتا ہے‘ تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے پرامن حل کی امید کا اظہار کیا۔

امریکی انٹیلی جنس نے عندیہ دیا تھا کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہا ہے اور امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا تھا کہ اسرائیل آنے والے دنوں میں حملہ کر سکتا ہے۔

ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ امریکی فوج مشرق وسطیٰ میں ہنگامی حالات کی مکمل منصوبہ بندی کر رہی ہے جس میں امریکی شہریوں کو نکالنے کا امکان بھی شامل ہے۔

 


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.