گھڑ سواری اور کبوتر بازی، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور کیا شوق رکھتے ہیں؟

image
صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور صوبے کی ذمہ داریوں اور سیاسی مصروفیات کے باوجود اپنی نجی زندگی بالخصوص پسندیدہ مشغلوں کے لیے وقت ضرور نکال لیتے ہیں۔

سیاست کے علاوہ علی امین گنڈا پور کو نہ صرف اعلیٰ نسل کے گھوڑے پالنے کا مہنگا شوق ہے بلکہ کبوتر بازی بھی ان کا پسندیدہ مشغلہ رہ چکا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے صوبے کا چیف ایکزیگٹیو بننے کے بعد بھی اپنے شوق کو زندہ رکھا اور اعلیٰ نسل کے کبوتروں کے لیے سی ایم ہاؤس میں ایک پنجرہ مختص کر دیا جہاں پر دیگر پرندے بھی رکھے گئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز احمد مغل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بننے سے پہلے علی امین گنڈا پور نے گھوڑے پال رکھے تھے اور بہت سے پرندے بھی رکھے ہوئے تھے، انہیں کبوتر بہت پسند ہیں اسی لیے آج بھی انہوں نے مختلف نسل کے کبوتر پال رکھے ہیں۔ 

فراز احمد مغل کے مطابق ’سی ایم ہاؤس میں پہلے سے پنجرے سے موجود تھے جن میں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پرندے رکھے گئے ہیں۔ وہ اکثر یوٹیوب پر پرندے دیکھ کر انہیں خریدنے کی ہدایت کرتے ہیں۔‘

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ جب بھی پنجروں کے قریب سے گزرتے ہیں تو ان کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بننے سے پہلے علی امین گنڈا پورکو بہت سے شوق تھے مگر اب ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ وقت نہیں نکال پاتے۔

وزیراعلیٰ کی پسندیدہ خوراک 

ترجمان کے مطابق علی امین گنڈا پور خوش خوراک نہیں بلکہ جو ان کے سامنے آتا ہے وہ کھا لیتے ہیں اور اگر کام کی وجہ سے کھانا کھانے کا موقع نہ ملے تو وہ گزارا کرلیتے ہیں۔ ان کے مطابق ’وزیراعلیٰ نے کبھی اچھے کھانے کی فرمائش نہیں کی، اگر سفر کے دوران جو کھانا دستیاب ہوا وہ اپنے ملازمین کے ساتھ بیٹھ کر کھاتے ہیں۔‘ 

وزیراعلیٰ ڈی آئی خان سے ذاتی ملازمین کی فوج کیوں لائے؟ 

گرلز میڈیکل کالج گومل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ کبوتر باز ان کا پسندیدہ شوق رہ چکا ہے (فوٹو: سکرین گریب)

وزیراعلی علی امین گنڈا پور اپنے آبائی حلقے ڈی آئی جان سے 70 سے زائد نوکروں کی فوج لے کر پشاور آئے ہیں جس پر سیاسی مخالفین کا الزام ہے کہ ان کو خزانے کے پیسوں سے تنخواہیں دی جارہی ہیں، تاہم ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ڈی آئی خان میں وزیراعلیٰ کے حلقے سے لوگ ان کی محبت میں پشاور آئے ہیں اور ان کی مدد کے لیے موجود ہیں۔

 انہوں نے دعویI کیا کہ ڈی آئی خان سے آیا ہوا کوئی ملازم تنخواہ نہیں لیتا بلکہ وہ اپنے خرچے پر وزیراعلیٰ کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ڈی آئی خان کے گرلز میڈیکل کالج گومل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ کبوتر باز ان کا پسندیدہ شوق رہ چکا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور میں گذشتہ سال نومبر کے مہینے میں ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ کے گھوڑے نے بھی حصہ لیا تھا۔

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.